سربراہ امریکی سینٹکام ایڈمرل بریڈ کوپر کی اسرائیلی و سعودی قیادت سے اہم ملاقاتیں

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر---فائل فوٹو
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے اسرائیل اور سعودی عرب کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اعلیٰ فوجی اور حکومتی حکام سے ملاقاتیں کیں اور علاقائی صورتِحال اور سیکیورٹی چیلنجز پر تبادلۂ خیال کیا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق ایڈمرل بریڈ کوپر نے گزشتہ روز اسرائیل کا دورہ کیا، جہاں اسرائیلی فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ایال ضمیر اور موساد کے سربراہ رومن گوفمین کے ساتھ سہ فریقی ملاقات کی۔
بریڈ کوپر اور ایال ضمیر نے دونوں ممالک کی افواج کے اعلیٰ کمانڈرز کے ہمراہ مشترکہ اور جامع سیکیورٹی صورتِحال کا جائزہ بھی لیا۔
سینٹ کام چیف ایڈمرل بریڈ کوپر کا یو ایس ایس میلیئس کا دورہ، سیلرز سے ملاقات
اس موقع پر اسرائیلی فضائیہ کے سربراہ میجر جنرل اومر ٹشلر بھی موجود تھے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق ملاقات میں خطے کی تازہ پیش رفت اور مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دوسری جانب سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی سینٹ کام کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ریاض میں ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات، بالخصوص عسکری شعبے میں تعاون کا جائزہ لیا گیا، جبکہ خطے کی تازہ صورتِ حال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ایڈمرل بریڈ کوپر نے سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے بھی ملاقات کی، جس میں سعودی عرب اور امریکا کے درمیان دفاعی تعاون اور دو طرفہ تعلقات سے متعلق امور زیرِ بحث آئے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ