403 امریکی ڈیٹا سینٹرز کی بجلی کی کھپت کئی امریکی ریاستوں کے برابر

ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنیاں مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر اربوں ڈالرز خرچ کر رہی ہیں، ہارورڈ یونیورسٹی کی نئی تحقیق میں اس ٹیکنالوجی کی ترقی کی بھاری ماحولیاتی قیمت سامنے آ گئی۔
ہارورڈ یونیورسٹی کے محققین کے مطابق امریکا کے 403 بڑے ڈیٹا سینٹرز اتنی بجلی استعمال کرتے ہیں جتنی بعض امریکی ریاستوں کی مجموعی بجلی کی کھپت ہے۔
جریدے ’نیچر سسٹین ایبلٹی‘ میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق ان ڈیٹا سینٹرز نے مئی 2024ء سے اپریل 2025ء کے دوران مجموعی طور پر 82 ٹیرا واٹ آور بجلی استعمال کی۔
بجلی کی یہ مقدار امریکا کے تقریباً 70 لاکھ گھروں کی 1 سال کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہے۔
چیٹ جی پی ٹی، جیمنائی، گروک اور کلاڈ نے دہشت گردی کے منصوبے تیار کر دیے
تحقیق کے مطابق ان ڈیٹا سینٹرز کو فراہم کی جانے والی تقریباً 54 فیصد بجلی فوسل فیول سے حاصل کی گئی، جس کے نتیجے میں اندازاً 2 کروڑ 57 لاکھ ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج ہوئی۔
کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کی یہ مقدار ڈنمارک کے سالانہ اخراج سے بھی زیادہ ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تحقیق کے مرکزی مصنف گیانلوکا گوئیڈی نے بتایا ہے کہ تحقیق کا دورانیہ ختم ہونے کے بعد امریکا میں بڑے پیمانے پر کام کرنے والے ڈیٹا سینٹرز کی تعداد دگنی سے بھی زیادہ ہو چکی ہے۔
اس کے علاوہ مزید 2 ہزار ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر یا منصوبہ بندی جاری ہے۔
ان بڑے مراکز میں ہزاروں کمپیوٹرز 24 گھنٹے کام کرتے ہیں، جنہیں ٹھنڈا رکھنے کے لیے مسلسل کولنگ سسٹم درکار ہوتا ہے، جس سے بجلی کی کھپت میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔
یہ تحقیق ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ترکیہ میں جاری کوپ 31 ماحولیاتی سربراہی اجلاس کے دوران مذاکرات کاروں نے ٹیکنالوجی کمپنیوں پر زور دینے کے لیے 1 رضاکارانہ معاہدے کا آغاز کیا ہے کہ وہ مصنوعی ذہانت کے بنیادی ڈھانچے کو چلانے کے لیے صاف توانائی استعمال کریں۔
مصنوعی ذہانت کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے والی بڑی امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے تاحال اس معاہدے پر دستخط نہیں کیے۔
دوسری جانب بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب پہلے ہی امریکا کی بعض آبادیوں میں بجلی کے بلوں میں اضافے کا سبب بن چکی ہے، جس کے بعد یہ سوال بھی اٹھنے لگا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی ترقی کی قیمت بالآخر کون ادا کرے گا؟
بشکریہ روزنامہ جنگ