جمعرات، 19 نومبر، 2026 · 10 جمادی الثانی، 1448 ہجری

اپیک اجلاس: چینی صدر کے خطاب کے دوران ٹرمپ اونگھتے دکھائی دیے

تازہ ترین
اپیک اجلاس: چینی صدر کے خطاب کے دوران ٹرمپ اونگھتے دکھائی دیے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ— اسکرین گریب

چین میں ہونے والے اپیک اجلاس کے دوران عالمی رہنماؤں کے نئے دورِ مذاکرات کے آغاز پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی نشست پر بظاہر اونگھتے ہوئے دکھائی دیے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس کی لائیو نشریات کے دوران دیکھا گیا کہ جب چینی صدر شی جن پنگ ایشیا پیسیفک خطے کے حوالے سے چین کی توقعات اور ترجیحات پر اظہارِ خیال کر رہے تھے تو 80 سالہ امریکی صدر نیند میں جھولتے دکھائی دیے۔

دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی نظریں کارروائی پر مرکوز رہیں، جبکہ کینیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی اور ہانگ کانگ کے رہنما جان لی اجلاس کے دوران نوٹس لیتے رہے۔

جاپان کی وزیرِاعظم سنائے تاکائچی کو شی جن پنگ کے خطاب کے بعض حصوں کے دوران مسکراتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔

دوسری جانب اپیک اجلاس کی سائیڈ لائن پر امریکی صدر ٹرمپ نے چینی ہم منصب سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی جانب سے شاندار استقبال پر ممنون ہوں، کوئی بھی وہ کام نہیں کر سکتا جو ہم کر سکتے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ روسی ہم منصب پیوٹن سے دوست کہہ کر مخاطب

امریکی صدر نے کہا کہ تجارتی بورڈ چین کے ساتھ تعلقات میں توازن لا رہا ہے، ہم نے اپنے تعلقات کو منصفانہ بھی بنایا ہے، محصولات کو منصفانہ طریقے سے تقسیم کر دیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ چین سے امریکی کسانوں کے لیے مزید کام کرنے کے لیے کہوں گا، میں اور شی جن پنگ آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل چاہتے ہیں۔

اس سے قبل چینی صدر شی جن پنگ نے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کی آمد پر غیر روایتی طور پر خود گلے لگا کر ان کا استقبال کیا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ شی جن پنگ نے اپنے دورِ صدارت میں کسی غیر ملکی رہنما کا ذاتی طور پر ایئر پورٹ کے رن وے پر استقبال کیا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ