’یہ ذہین ترین بھی ہے اور احمق ترین بھی‘: ایلون مسک کا مصنوعی ذہانت پر دلچسپ تبصرہ

ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے مصنوعی ذہانت کی موجودہ صورتِحال پر دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ذہانت کے اعتبار سے اپنے عروج پر بھی ہے اور انتہائی بنیادی غلطیاں بھی کرتی ہے۔
ایلون مسک نے گزشتہ روز مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر معروف ادیب چارلس ڈکنز کے ناول ’آ ٹیل آف ٹو سیٹیز‘ کے ابتدائی الفاظ سے مماثلت رکھتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ذہین ترین دور بھی ہے اور احمق ترین بھی۔‘
ان کی اس پوسٹ کو لاکھوں افراد نے دیکھا اور اس پر ٹیکنالوجی کے ماہرین سمیت عام صارفین نے بھی ردِعمل کا اظہار کیا۔
مصنوعی ذہانت پر مسک کا خط پاگل پن قرار
دی نیوز انٹرنیشنل نے اپنی رپورٹ میں اس حوالے سے لکھا ہے کہ ایلون مسک کا یہ تبصرہ مصنوعی ذہانت کی دو متضاد خصوصیات کی عکاسی کرتا ہے، جدید ترین مصنوعی ذہانت کے نظام پیچیدہ سافٹ ویئر بنانے، سائنسی مسائل حل کرنے اور مشکل سوالات کے جواب دینے میں غیر معمولی صلاحیت دکھا رہے ہیں تاہم یہی نظام بعض اوقات بنیادی حقائق کے بارے میں غلط معلومات اور واضح منطقی غلطیاں بھی پیش کرتے ہیں۔
یہ بیان مسک کے اپنے مصنوعی ذہانت کے کاروبار میں اہم تبدیلیوں کے دوران سامنے آیا ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال اسپیس ایکس کی جانب سے 250 ارب ڈالرز مالیت کے ایکس اے آئی کے حصول اور 60 ارب ڈالرز میں کوڈنگ کمپنی کَرسَر کی خریداری کے بعد مسک کے مصنوعی ذہانت کے شعبے نے مہنگی ویڈیو بنانے والی ٹیکنالوجی کے بجائے کاروباری اداروں کے لیے کوڈنگ کے آلات اور گروک بوٹ جیسے خودکار نظاموں پر توجہ بڑھا دی ہے۔
دی نیوز کی رپورٹ میں شامل کی گئی ماہرین کی رائے کے مطابق مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں میں تیزی سے اضافے کے باوجود اس کی ذہانت یکساں نہیں، یہ مخصوص تکنیکی کاموں میں انسانی صلاحیتوں سے آگے نکل رہی ہے لیکن عام فہم اور بنیادی منطقی معاملات میں اب بھی نمایاں کمزوریاں رکھتی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ