ناسا کا خلائی جہاز ’وائجر 1‘ ایلیئنز کیلئے کیا انسانی پیغام لے جا رہا ہے؟

امریکی خلائی ادارے ناسا کا خلائی جہاز وائجر 1 زمین سے 25.9 ارب کلو میٹر دور پہنچ گیا جو روشنی کے 1 دن کے سفر کے برابر فاصلہ ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز یہ سنگِ میل حاصل کرنے والے خلائی جہاز کو یہ سفر طے کرنے میں 49 سال سے زائد عرصہ لگا ہے، حیران کن بات یہ ہے کہ اتنے فاصلے کے باوجود بھی یہ خلائی جہاز اب بھی زمین پر ناسا سے رابطے میں ہے۔
وائجر 1 کے ساتھ ایک سنہری ڈسک بھی موجود ہے جسے 1977ء میں خلاء میں بھیجا گیا تھا، اس کا مقصد اگر کبھی کوئی دوسری خلائی مخلوق اس جہاز کو دریافت کرے تو اسے زمین اور انسانیت کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہے۔
ناسا کا خلائی جہاز 14 سال بعد واپسی کے قریب، ملبہ زمین پر گرے گا
ناسا کے مطابق اس ڈسک میں زمین کی 115 تصاویر، 55 زبانوں میں خیر مقدمی پیغامات، مختلف ممالک کی موسیقی اور قدرتی آوازیں محفوظ ہیں، تصاویر میں انسانوں، جانوروں، قدرتی مناظر اور مشہور عمارتوں سمیت تاج محل اور دیوارِ چین بھی شامل ہے۔
ڈسک میں سمندر کی لہروں، ہوا، پرندوں اور جانوروں کی آوازوں کے ساتھ موسیقی بھی موجود ہے، اس ڈسک میں بھارتی کلاسیکی موسیقی اور اردو سمیت مختلف زبانوں میں پیغامات بھی شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ناسا نے ڈسک پر اسے چلانے اور اس میں موجود معلومات سمجھنے کی ہدایات بھی درج کی ہیں اس بات کی کوئی ضمانت نہیں کہ کوئی دوسری خلائی مخلوق کبھی اس ڈسک تک پہنچ سکے گی۔
ناسا کے مطابق وائجر 1 کو کسی دوسرے ستارے کے نظام کے قریب سے گزرنے میں تقریباً 40 ہزار سال لگ سکتے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ