بلاول بھٹو نے پورے پاکستان کو دھمکی دی، کیا عزیر بلوچ سے خونریزی کرانی ہے؟: خالد مقبول

خالد مقبول صدیقی کی کراچی میں پارٹی رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس—اسکرین گریب
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے پورے پاکستان کو دھمکی دی، عدالتوں کا ازخود نوٹس لینا بنتا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امن و امان قائم کرنے کے ذمے دار بھی بلاول بھٹو کے خونریزی سے متعلق بیان کا نوٹس لیں۔
خالد مقبول صدیقی نے بلاول بھٹو پر نسل پرستی کا الزام عائد کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا عزیر بلوچ سے خونریزی کرانی ہے؟ پورے پاکستان میں صوبے بننے ہیں تو خونریزی کراچی حیدرآباد اور میرپورخاص میں کیوں ہو گی؟
بلاول بھٹو کا 6 ماہ میں عام انتخابات کرانے کا مطالبہ
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں میں خونریزی کون کرے گا؟ سندھ کے شہری علاقے نہ ہاری ہیں نہ ہارے ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مصنوعی اکثریت کی بنیاد پر حکمرانی کر رہی ہے، سندھ کی 65 فیصد آبادی نئے صوبے بننے کا فیصلہ کر چکی، پاکستان کو کسی لسانی تفریق کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما نے کہا کہ ہم غلام نہیں آزادی پھیلانے والے ہیں، ذرا سنبھل کر بات کریں، ایم کیو ایم نے کبھی کراچی یا مہاجر صوبے کی بات نہیں کی، پورے ملک میں آبادی کے لحاظ سے صوبے بننے چاہئیں، پورے ملک میں کہیں صوبے کا سب سے مضبوط مقدمہ ہے تو وہ سندھ کے شہری علاقوں کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھمکی دے رہے ہو یار، کوئی نوٹس لے گا؟ ہم نہ دھمکی دیتے ہیں اور نہ ہمیں کوئی دھمکی دینے کی کوشش کرے، ان شہروں کی بات کر رہے ہو جو چلتے ہیں تو آپ پلتے ہیں، آپ کی بے چینی ہمیں پتہ ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ صوبوں کا مطالبہ پورے پاکستان میں ہو رہا ہے، اس معاملے پر ایوانوں میں بھی گفتگو کی جا رہی ہے، سندھ کے شہری علاقوں نے جو بات کی تھی آج وہ بات پورے ملک میں ہو رہی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ