چین کی ہر خوبصورت خاتون کو لوگ جاسوس سمجھنے لگتے ہیں: ڈونلڈ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اینویڈیا کے سابق سربراہ جینسن ہوانگ کے مبینہ چینی جاسوس سے تعلقات کے اسکینڈل پر اپنے ردِعمل کا اظہار کر دیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جینسن ہوانگ کی حمایت کی، انہیں ایک غیر معمولی اور ذہین شخصیت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ افسوس ناک معاملہ ہے کیونکہ جینسن ہوانگ انتہائی ذہین انسان ہیں، ان کے جیسے لوگوں کی قدر کرنی چاہیے کیونکہ دنیا میں ایسے باصلاحیت افراد بہت کم ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
اینویڈیا کا جینسن ہوانگ کے بغیر زیادہ منافع کمانے کا دعویٰ
سابق سربراہ اینویڈیا جینسن ہوانگ پر دفتر میں ملازمین کو دھمکانے اور بدسلوکی کے سنگین الزامات
جینسن ہوانگ اسکینڈل کے بعد کانگریس کے سامنے پیش ہونے پر آمادہ: رپورٹ
امریکی صدر سے جب یہ سوال کیا گیا کہ کیا ہوانگ کی مبینہ ساتھی ایلس ہوانگ قومی سلامتی کے لیے خطرہ تھیں؟ تو انہوں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایلس خوبصورت خاتون ہیں، میں نے نہیں سنا کہ وہ جاسوس تھیں۔
انہوں نے کہا کہ چین سے آنے والی کوئی بھی خوبصورت خاتون ہو تو لوگ اسے جاسوس سمجھنے لگتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایلس ہوانگ ایک کاروباری خاتون تھیں جنہوں نے چپس خریدیں۔
انہوں نے کہا کہ میں آپ کو بتا سکتا ہوں کہ ہم نے انہیں چپس خریدنے کی اجازت دی ہے کیونکہ ہم پیسہ کمانا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ جینسن ہوانگ نے 2 خواتین سے غیر ازدواجی تعلقات کے خبریں سامنے آنے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، ان کے اب تک کل 3 خواتین سے تعلقات کی خبریں سامنے آئی ہیں۔
تیسری خاتون کے ساتھ غیر ازدواجی تعلقات کی خبریں جینسن ہوانگ کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد سامنے آئیں۔
اینویڈیا کے سابق سربراہ کے جن 3 خواتین کے ساتھ تعلقات کی خبریں سامنے آئی ہیں، ان میں سے 1 چینی کاروباری خاتون ایلس ہوانگ ہیں، جن کے بارے میں امریکی انٹیلیجنس حکام کو شبہ ہے کہ وہ چین کے لیے جاسوسی کر رہی تھیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ