جمعرات، 19 نومبر، 2026 · 10 جمادی الثانی، 1448 ہجری

سسٹم کولپس، سسٹم ری سیٹ اور ریفرنڈم سے صوبے بنانے کی بحث میں نے شروع نہیں کی، بلاول

تازہ ترین
سسٹم کولپس، سسٹم ری سیٹ اور ریفرنڈم سے صوبے بنانے کی بحث میں نے شروع نہیں کی، بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سسٹم کولپس، سسٹم ری سیٹ اور ریفرنڈم سے صوبے بنانے کی بحث میں نے شروع نہیں کی، اگر یہ بحث چھیڑی جائے گی تو بحث کا مطلب ہی یہی ہے کہ کوئی ایک آواز نہیں ہوگی۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر سسٹم ری سیٹ ہونا ہے تو سیاسی یا غیر سیاسی اور جمہوری یا غیر جمہوری ہونا چاہیے اس پر اپنی رائے دی۔

بلاول کا کہنا تھا کہ اگر محسن نقوی کہہ دیں کہ سسٹم گر گیا ہے تو کیا دوسرے اسٹیک ہولڈر کو حق نہیں کہ اپنی رائے دیں، اگر ہم نے سسٹم کو ری سیٹ کرنا ہے تو وہ سیاسی یا جمہوری ری سیٹ ہو۔

میں نے 27 ویں ترمیم کو ڈس اون نہیں کیا ہے، بلاول

پی پی چیئرمین نے کہا کہ میں نے 27 ویں ترمیم کو ڈس اون نہیں کیا ہے، 18ویں آئینی ترمیم پر اتفاق رائے تھا یہی اس کی طاقت ہے، 26 ویں آئینی ترمیم کو بھی اتفاق رائے کی طاقت دلانا چاہتا تھا، 26 ویں آئینی ترمیم مولانا کے ساتھ مل کر پی ٹی آئی کی اجازت لیکر پاس ہوئی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ 27 ویں ترمیم ہم نے اپنی اکثریت کو استعمال کرکے منظور کی، فخر کرتا ہوں کہ ہم نے آئینی عدالت بنائی اور صوبوں کی برابر نمائندگی یقینی بنائی، میں نے کہا کہ اگر سوچا جائے کہ مخصوص نشستیں عدالت یا قانون منظور کرکے پی ٹی آئی کو واپس دے دیں، سیاسی ری سیٹ کے تناظر میں اگر ہم مخصوص نشستیں واپس دے دیں تو یہ اعتماد سازی کا حصہ ہوگا۔

میری بات کو سیاق و سباق سے ہٹا کر کسی دوسرے مقصد کیلئے پیش کیا گیا، بلاول

بلاول کا کہنا تھا کہ قانونی پوزیشن کے مطابق میں آج اپنی مخصوص نشستیں چھوڑ دوں تو وہ پی ٹی آئی کے کھاتے میں نہیں جاتیں، جو بات میں نے کی اس کو سیاق و سباق سے ہٹا کر کسی دوسرے مقصد کیلئے پیش کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل کسی ایک کے بس کی بات نہیں تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ ملانا پڑے گا، میں چاہتا ہوں کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو سیاسی ری سیٹ کا حصہ بنایا جائے، معیشت اور عوامی مسائل پر پارلیمان سمیت کہیں بات نہیں ہورہی ہے یہ شرمناک ہے۔

حکومت کو میری بات سننی چاہیے، بلاول

بلاول بھٹو نے کہا کہ میرے پاس آئینی عہدے ہیں، حکومتیں ہیں اس لیے میں اسٹیک ہولڈر ہوں، میں اسٹیک ہولڈر ہوں اس لیے حکومت کو میری بات سننی چاہیے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ پوری کوشش کی کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج نہ لگے، دہشت گردی پیپلز پارٹی کے لیے ریڈ لائن ہے، پوری کوشش تھی کہ پی ٹی آئی سے بات چیت کریں اتفاق رائے پیدا ہو، پی ٹی آئی کے لیے سیاسی اسپیس جمہوری ری سیٹ کا حصہ ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ بات وہاں سے شروع کی جاسکتی ہے جہاں گورنر راج لگنے سے پہلے تھی، صوبے میں دہشت گردی کی وجہ سے گورنر راج لگا، ہم پی ٹی آئی کے ساتھ معاہدہ سائن کرنے کی پوزیشن میں تھے۔

اسلحہ اٹھانے کی تاریخ MQM اور جماعت اسلامی کی رہی ہے پی پی کی نہیں، بلاول

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسلحہ اٹھانے کی تاریخ ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کی رہی ہے پیپلز پارٹی کی نہیں، ہتھیار اور تشدد نہ پیپلز پارٹی کا ماضی ہے نہ حال اور نہ مستقبل ہے، 80 اور 90 کی دہائی میں صوبے میں جو حالات تھے ہم نے صوبے میں امن قائم کیا۔

دھمکی نہیں خطرے کی گھنٹی بجا رہا تھا، بلاول

بلاول نے کہا کہ زور زبردستی تقسیم ہوتی ہے تو جیسے میں نے کہا ویسے ہوگا، میں دھمکی نہیں خطرے کی گھنٹی بجارہا تھا۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ محسن نقوی کو نقشہ دکھائیں اور پوچھیں ٹنڈوالہ یار، میرپورخاص، سجاول کہاں ہے وہ بتا نہیں سکیں گے، ان لوگوں کو پتا ہی نہیں اس صوبے کی تاریخ کیا رہی ہے ہم کتنی مشکل سے اس پوائنٹ پر آئے ہیں۔

صوبے میں تقسیم کی کوشش کی تو لا اینڈ آرڈر کے حالات بہت بگڑیں گے، بلاول

ان کو پتا ہی نہیں ورنہ اتنے غیر ذمہ دارانہ طریقے سے وفاق کی قسمت کے ساتھ نہ کھیلا جاتا جس طرح یہ مذاق چل رہا ہے، زبردستی یا غیر آئینی طریقے سے اس صوبے میں تقسیم کی کوشش کی تو لا اینڈ آرڈر کے حالات بہت بگڑیں گے، زور زبردستی ہورہی ہے ریفرنڈم کی بات ہی کیوں ہورہی ہے اگر زور زبردستی نہیں، آپ نکالیں کوئی مہم جس کا بھی جی چاہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ محسن نقوی، مصطفیٰ کمال اور دیگر کو دعوت دیتا ہوں آئیں ریفرنڈم کرانے کی ہی کوشش کریں، سندھ کی تقسیم کا نعرہ لے کر آپ کراچی سے سجاول، بدین پہنچیں تو کیا لا اینڈ آرڈر کا مسئلہ نہیں ہوگا؟ ہوگا، میں آپ کو بتارہا ہوں میں صوبائی حکومت سنبھال رہا ہوں، ڈی جی رینجرز، آئی ایس آئی، اسپیشل برانچ سے رپورٹ لے لیں کہ سندھ سے پرامن طریقے سے یہ غیر آئینی سلسلہ گزرے گا۔

حالات ایسے ہیں کہ بلوچستان میں پرامن طریقے سے ریفرنڈم ہو، بلاول

انہوں نے کہا کہ کیا حالات ایسے ہیں کہ بلوچستان میں پرامن طریقے سے ریفرنڈم ہو، خیبر پختونخوا، قبائلی علاقوں میں ایسے حالات ہیں کہ پرامن ریفرنڈم ہو؟ ریفرنڈم کا شوشا ویسے ہی ہے جیسا خان صاحب کے خلاف عدم اعتماد تھا، عدم اعتماد پر انھوں نے آئین کے مطابق نہیں چلنا تھا تو کہا کہ ادھر دیکھیں آرٹیکل 5 بھی ہے تو میں اسمبلی توڑ دیتا ہوں تو آپ کا عدم اعتماد ختم ہوگیا ایسے کام نہیں چلتا آئین واضح ہے کہ کیسے نئے صوبے بنیں گے۔

پہلے پنجاب اسمبلی میں ریفرنڈم کرادیں، بلاول

ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر پنجاب اسملی کہتے ہیں ریفرنڈم کرائیں پہلے پنجاب اسمبلی میں ریفرنڈم کرادیں، آج بھی کہتا ہوں پنجاب اسمبلی کے فیصلے کا ساتھ دوں گا پنجاب کے خلاف کسی سازش کا ساتھ نہیں دوں گا، آئینی طریقے سے صوبے بنانے ہیں تو کیا مسئلہ ہے اگر آئینی روٹس استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن، حکومت کے اتحادی اور ان کے ارکان بھی کہہ رہے ہیں کہ حالیہ الیکشن متنازع ہیں، کہہ رہے ہیں کہ الیکشن کمیشن اور انتخابی عمل کی ساکھ نہیں تو اس ریفرنڈم کی کیا حثیت ہوگی؟ سب سے بڑھ کر وفاق صوبوں سے چندہ لے کر نیشنل سیکیورٹی اور دیگر ضرورت پورا کررہا ہے کہاں سے پیسا آیا کہ ریفرنڈم کروانا چاہتے ہیں۔

پنجاب میں لسانی بنیادوں پر کب خون خرابا ہوا ہے؟ بلاول

بلاول نے کہا کہ پنجاب میں لسانی بنیادوں پر کب خون خرابا ہوا ہے؟ سندھ کی تاریخ آپ جانتے ہیں، میں دھمکی نہیں دے رہا ہوں زمینی حقائق بتارہا ہوں، جمہوری جماعت ہیں ہم ہتھیار نہیں اٹھائیں گے، صوبے میں لسانی فالٹ لائنز رہے ہیں۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ یہ بحث بھی شروع کریں اور ساتھ ساتھ کہیں کہ فیصلہ ہوچکا ہے تو پھر بحث کس چیز کی؟ میں رائے نہ دوں تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کانٹیکسٹ نہ بتاؤ تو اپنی ذمہ داری پوری نہیں کروں گا، کچھ سیاستدان سمجھتے ہیں کہ خاموش رہنا بہتر ہے، کچھ جیل جانے کے بعد موقف میں تبدیلی لاتے ہیں۔

بلاول نے کہا کہ اس پارلیمنٹ کی ابتداء سے مسلسل کہہ رہا ہوں کہ ہمیں لڑائی کے بجائے مذاکرات پر توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں پہلے ڈرائیونگ کے دوران کوئی چالان نہیں ہوتا تھا، اب کراچی میں ماڈرن ٹیکنالوجی استعمال کی جارہی ہے، کمیرے ہیں تو ڈرائیونگ کے دوران سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر چالان ہوتا ہے، کیا کراچی جیسا دوسرا شہر ہے جہاں چار مختلف ادارے شہر چلاتے ہوں، پہلے لوگ تنقید کرتے تھے کہ شہر میں کیمرے نہیں اب کہتے ہیں کیمرے کیوں ہیں چالان کیوں لیا جارہا ہے۔

سندھ حکومت کی کارکردگی کا فیصلہ الیکشن میں عوام کریں گے، بلاول

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی کارکردگی کا فیصلہ الیکشن میں عوام کریں گے، سندھ میں تعلیمی نظام میں مختلف چیلنجز ہیں، سیلاب سے 50 فیصد اسکولوں کو نقصان ہوا، بار بار ایسے واقعات ہوئے جس کا سندھ کے تعلیمی نظام پر اثر پڑا، سندھ میں ہم متاثرہ تعلیمی ادارے ازسرنو بنارہے ہیں۔

بلاول کا کہنا تھا کہ ایک دن کے لیے بھی 18ویں آئینی ترمیم اور این ایف سی کے مطابق صوبوں کو حق نہیں دیا گیا، پٹرولیم لیوی میں سندھ کو آج تک 1.7 کھرب روپے نہیں دیے گئے، وہ 1.7 کھرب روپے ہم تعلیم پر خرچ کرسکتے تھے سیف سٹی پروجیکٹ کھڑا کرسکتے تھے۔

بلاول نے کہا ن لیگ نے حل تلاش کیا کہ لاہور پر خرچ کریں باقی پنجاب کو بھول جائیں، یہ کہنا کہ یونیورسٹی روڈ نہیں بنی تو آئین کو پھاڑ کر صوبے پر ریفرنڈم کرائیں گے کیا یہ بات سمجھ میں آتی ہے؟ ریفرنڈم بھی وہ جس میں کوئی ایک بندہ بھی سندھ، بلوچستان اور کے پی میں ووٹ نہیں ڈال سکے گا باقی صوبوں کی رائے کے لیے لاہور کا ریفرنڈم کرایا جائے گا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پراعتماد ہے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر حکومت سنبھالتے ہیں، ہم پراعتماد ہیں عوام کو جب موقع ملتا ہے تمام جماعتوں کو رد کرکے پیپلز پارٹی کو منتخب کرتے ہیں۔

بلاول نے کہا کہ اگر ریفرنڈم کرانا ہے تو اس کے بجائے چھ ماہ کے اندر انتخابی اصلاحات ہم کرلیتے ہیں، آپ نیا الیکشن کرالیں میں دوبارہ جیت کر آکر بتادوں گا کہ سندھ کے عوام نے ووٹ کیوں دیا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ