میر رضا کیس ، وکیل جبران ناصر نے وزیر داخلہ ضیاء لنجار کو خط لکھ دیا

فوٹو: فائل
کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا کیس میں والدین کے وکیل جبران ناصر نے صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار کو خط لکھ دیا۔
خط کے متن کے مطابق کابینہ سب کمیٹی نے جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر عملدرآمد کے لیے مختلف اقدامات کی منظوری دی تھی۔
خط میں کہا گیا کہ کابینہ سب کمیٹی نے پولیس افسران کےخلاف انکوائری کی اور ڈاکٹر اسامہ اور اسپیشل سیکریٹری صحت کے خلاف محکمانہ کارروائی کی منظوری دی تھی۔
خط کے متن کے مطابق کمیٹی کی منظوری کے بعد پیشرفت سے والدین کو آگاہ نہیں کیا گیا، متعلقہ افسران کیخلاف محکمانہ قوانین کے تحت کارروائی ضروری ہے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ سابق ایس ایچ او گلستان جوہرکی ملازمت سے برطرفی جوڈیشل کمیشن کی سفارشات کے بجائے سابقہ انکوائری کے نتیجے میں ہوئی۔
میر رضا کیس میں بہت جلد کچھ نہ کچھ سامنے آجائے گا، میر حسین
خط کے متن کے مطابق پولیس افسران کیخلاف شواہد خراب کرنے کے الزامات کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اے افسر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
خط میں یہ بھی کہا گیا کہ مقتول کے والدین اہم گواہ ہیں، انہیں اب تک کمیٹی کے سامنے طلب نہیں کیا گیا، ڈاکٹر اسامہ کے خلاف محکمانہ کارروائی کے دستاویز لیک ہونے سے کارروائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
خط کے متن کے مطابق جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر مؤثر اور عملی عملدرآمد یقینی بنایا جائے، تمام انکوائریوں کی پیشرفت اور نتائج سے مقتول کے والدین کو آگاہ کیا جائے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ