پاکستانی معیشت میں ایس ایم ایز کا کردار بڑھایا جاسکتا ہے: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

فوٹو: پی آئی ڈی
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت میں ایس ایم ایز کا کردار مزید بڑھایا جاسکتا ہے۔
سنگاپور میں ایس ایم ای فنانس فورم 2026ء سے خطاب میں سینیٹر اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے 90 فیصد کاروبار مجموعی قومی پیداوار کا 40 فیصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ برآمدات کا تقریباً 20 فیصد اور غیر زرعی شعبے میں روزگار کے 78 فیصد مواقع ایس ایم ایز سے وابستہ ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ بہتر مالیاتی سہولیات اور سازگار کاروباری ماحول کے ذریعے پاکستان کی معیشت میں ایس ایم ایز کا کردار مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت نے جون 2028ء تک ایس ایم ایز کے لیے مالی معاونت کا حجم بڑھا کر 2 ہزار ارب روپے کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی کے لیے روایتی ضمانتی نظام سے آگے بڑھ کر ٹیکنالوجی اور ڈیٹا پر مبنی جامع مالیاتی حل اپنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بینکوں، فن ٹیک کمپنیوں، ترقیاتی مالیاتی اداروں اور نجی سرمایہ کاروں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت ایس ایم ای فنانسنگ کے فروغ کے لیے اہم ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان( ایس بی پی) کی جانب سے یکم نومبر 2026 ءکو شروع کیا گیا، ایس ایم ای کنیکٹ پورٹل کاروباری اداروں کی رجسٹریشن اور مالی سہولیات تک رسائی میں معاون ثابت ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایس ایم ایز کی پیداواری صلاحیت بڑھانے اور عالمی منڈیوں میں مسابقت کے لیے ورکنگ کیپیٹل اور طویل مدتی مالی معاونت کی فراہمی ناگزیر ہے۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو مالیاتی گوشواروں، بیلنس شیٹس اور کاروباری معلومات کی تیاری میں رہنمائی فراہم کرنے کے لیے سمیڈا کا کردار اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں، فن ٹیک، متبادل کریڈٹ اسیسمنٹ اور ڈیجیٹل قرضہ جات کے ذریعے روایتی ضمانت سے محروم کاروباروں کے لیے مالی سہولیات تک رسائی آسان بنائی جا سکتی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ