بدھ، 18 نومبر، 2026 · 9 جمادی الثانی، 1448 ہجری

اختلاف رائے بنیادی جمہوری حق ہے، کوئی جرم نہیں، شازیہ مری

تازہ ترین
اختلاف رائے بنیادی جمہوری حق ہے، کوئی جرم نہیں، شازیہ مری

پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا ہے کہ اختلافِ رائے جمہوریت کا بنیادی حق ہے،کوئی جرم نہیں،بلاول بھٹو زرداری آئین کی بالادستی کا مطالبہ کررہے ہیں۔

ایک بیان میں شازیہ مری نے کہاکہ پیپلزپارٹی سیاسی جوڑ توڑ یا غیر آئینی راستوں سے صوبوں کی تقسیم پر یقین نہیں رکھتی ، نئے صوبوں کا قیام صرف آئینی طریقے اور قانون کے مطابق ہونا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ بلاول پیپلزپارٹی کے لیے کسی سیاسی رعایت یا خصوصی مراعات کا نہیں کہہ رہے ، وزرا بتائیں اپوزیشن کو پارلیمان میں جائز نمائندگی اور آواز سے کیوں محروم رکھا جارہا ہے؟

پی پی پی ایم این اے نے مزید کہا کہ وزیر مملکت وضاحت کریں کہ 27ویں ترمیم عددی اکثریت کے بل بوتے پر کیوں منظور کی گئی؟ نظام کی ناکامی کی بات ہم نے نہیں کی، سیاسی ری سیٹ کی بات ہم نے نہیں کی۔

اُن کا کہنا تھا کہ صوبوں کی تقسیم کی بات ہم نے نہیں کی، یہ بات انہوں نے کی ہے، ہم نے صرف اپنی رائے دی، بتایا جائے کہ کیا اب اظہار رائے پر بھی پابندی ہے؟

شازیہ مری نے یہ بھی کہا کہ جمہوریت میں بولنے کا حق صرف حکومت کا نہیں،اپوزیشن کا بھی ہے، اختلافِ رائے جمہوریت کا بنیادی حق ہے،کوئی جرم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی متعدد مرتبہ آئینی طریقے سے سندھ کی تقسیم کو مسترد کرچکی ہے،بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ جمہوری اداروں کو کمزور کرنے والوں نے نظام کو اس نہج تک پہنچایا۔

پی پی رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ سندھ وفاق کو تقریباً 585 ارب روپے کی اضافی مالی معاونت فراہم کرتا ہے،معاونت کے باوجود وفاقی حکومت صوبے کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتی ہے، آئین کوئی سیاسی نعرہ نہیں کہ جب چاہا استعمال کرلیا، اپنے مفاد کےخلاف ہوا تو نظر انداز کردیا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ