بدھ، 18 نومبر، 2026 · 9 جمادی الثانی، 1448 ہجری

بھارت: ٹریفک حادثے میں والد کی موت کے بعد بیٹی نے 26 سال پرانا کھانے کا اسٹال سنبھال لیا

تازہ ترین
بھارت: ٹریفک حادثے میں والد کی موت کے بعد بیٹی نے 26 سال پرانا کھانے کا اسٹال سنبھال لیا

فوٹو: بھارتی میڈیا

بھارتی ریاست کیرالا کے شہر کوچی میں ٹریفک حادثے میں والد کی ہلاکت کے بعد 24 سالہ بیٹی نے خاندان کا ذریعہ معاش برقرار رکھنے کے لیے والد کا 26 سال پرانا کھانے کا اسٹال دوبارہ کھول لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جے بالاکرشنن گزشتہ 26 برس سے ’شری کرشنا ٹی اسٹال‘ چلا رہے تھے، جہاں چائے، ڈوسے اور آملیٹ فروخت کیے جاتے تھے، تاہم ایک ٹریفک حادثے نے ان کی زندگی چھین لی۔

رپورٹ کے مطابق 55 سالہ جے بالاکرشنن رات ایک بج کر 49 منٹ پر کام ختم کرنے کے بعد گھر روانہ ہوئے تھے۔ وہ اپنی بیٹی سے فون پر بات بھی کرچکے تھے، تاہم رات تقریباً 2 بج کر 20 منٹ پر ایک 17 سالہ نوجوان کی مرسڈیز کار ان کے اسکوٹر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

الزام ہے کہ کم عمر ڈرائیور 104 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلا رہا تھا۔

حادثے کے بعد پولیس نے صبح ساڑھے 4 بجے متوفی کی بیٹی بھدرا کیرتھی کو فون کرکے والد کی ہلاکت کی اطلاع دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم ایک ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کا بیٹا ہے، جسے حادثے کے بعد دو مرتبہ ضمانت مل گئی۔ پہلی مرتبہ اس کے والد کی تھانے آمد کے بعد ضمانت دی گئی، جبکہ دوسری مرتبہ اہل خانہ کے احتجاج کے بعد مجسٹریٹ کی عدالت سے ضمانت منظور ہوئی۔ ملزم کے والد کو بھی پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا تھا، تاہم بعد میں اسے بھی ضمانت مل گئی۔

والد کی ہلاکت کے بعد حیدرآباد میں فوڈ کوالٹی انسپکٹر کی ملازمت کرنے والی 24 سالہ بھدرا کیرتھی نے خاندان کے اخراجات پورے کرنے کے لیے ملازمت کے ساتھ والد کا اسٹال دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا۔

بھدرا کے مطابق اس کی تنخواہ سے گھر کے ماہانہ اخراجات پورے نہیں ہوسکتے، اس لیے اسٹال کی آمدنی خاندان کے لیے ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس 26 سال پرانے اسٹال سے ان کا جذباتی تعلق بھی ہے، اسے بند نہیں کرسکتے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھدرا نے منگل کی شام اپنی والدہ اور بھائی کے ساتھ اسٹال دوبارہ کھولا، جہاں انہوں نے خود ڈوسے اور آملیٹ تیار کرکے فروخت کیے، جبکہ گاہکوں کی بڑی تعداد اسٹال کے باہر جمع ہوگئی۔

بھدرا کا کہنا ہے کہ خاندان انصاف کے حصول کے لیے قانونی جنگ جاری رکھے گا، ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کے بعد معاملہ سپریم کورٹ میں بھی لے کر جائیں گے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ