بدھ، 18 نومبر، 2026 · 9 جمادی الثانی، 1448 ہجری

بلاول بھٹو کی گفتگو کو غلط طریقے سے پیش کیا جارہا ہے: سعید غنی

تازہ ترین
بلاول بھٹو کی گفتگو کو غلط طریقے سے پیش کیا جارہا ہے: سعید غنی

فوٹو: فائل

سندھ کے وزیر محنت و افرادی قوت سعید غنی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی گفتگو کو غلط طریقے سے پیش کیا جارہا ہے۔

کراچی سے جاری بیان میں سعید غنی نے کہا کہ بلاول بھٹو کے بیان پر حکومتی وزرا کی چیخیں نکل رہی ہیں، ایک وزیر جاتا ہے تو دوسرا جواب دینے آجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول کی گفتگو کو غلط طریقے سے پیش کیا جا رہا ہے، بلاول بھٹو جانتے ہیں صوبے کی آڑ میں گندا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ کراچی میں ماضی میں لسانی فسادات میں ہزاروں لوگ مارے گئے۔ آج مصطفیٰ کمال کہتے ہیں کہ ذمے دار بلاول بھٹو ہوگا، نفرتیں تم بڑھاؤ، فساد تم کراؤ اور ذمے دار بلاول ہو؟

اُن کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم والے چاہتے ہیں کہ نسلی فسادات ہوں، خونریزی ہو، لڑائی ہو۔ صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ نفرتیں بڑھ گئیں تو حالات خراب ہوں گے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ