بدھ، 18 نومبر، 2026 · 9 جمادی الثانی، 1448 ہجری

وزیر دفاع خواجہ آصف شومین سیکیورٹی اینڈ ڈیفنس فورم میں شرکت کیلئے برسلز پہنچ گئے

تازہ ترین
وزیر دفاع خواجہ آصف شومین سیکیورٹی اینڈ ڈیفنس فورم میں شرکت کیلئے برسلز پہنچ گئے

برسلز: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف یورپی یونین کی خارجہ امور و سلامتی پالیسی کی سربراہ اور نائب صدر کایا کالاس کی خصوصی دعوت پر دو روزہ شومین سیکیورٹی اینڈ ڈیفنس فورم میں شرکت کے لیے برسلز پہنچ گئے۔

یورپی دارالحکومت آمد پر سفارتخانہ پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی نے اپنے عملہ کے ہمراہ انکا استقبال کیا۔

وزیر دفاع یہاں عالمی فورم میں علاقائی و عالمی سلامتی کی صورتحال اور اہم دفاعی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے، تاکہ پاک یورپی یونین تعلقات کو مذید بہتر اور مستحکم بنایا جائے۔

خواجہ محمد آصف کی برسلز میں یورپی یونین کے اعلیٰ دفاعی و سلامتی حکام سے اہم ملاقاتیں بھی شیڈول کا حصہ ہیں۔

یاد رہے کہ شومین سیکیورٹی اینڈ ڈیفنس فورم میں پاکستان کی اعلیٰ سطحی شرکت عالمی امن، سلامتی اور دفاعی تعاون میں پاکستان کے فعال اور ذمہ دارانہ کردار کی عکاس ہے۔

عالمی دفاعی فورم میں پاکستان کی شرکت ملک کی بڑھتی ہوئی دفاعی صلاحیت، سفارتی اہمیت اور عالمی سطح پر مؤثر کردار کا بھرپور اعتراف ہے۔

سفارتخانہ پاکستان برسلز کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ پاکستان عالمی امن و استحکام، علاقائی سلامتی اور بین الاقوامی دفاعی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ