بریڈفورڈ: گھر میں دو خواتین پر تشدد، ایک ہلاک، دوسری شدید زخمی

برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ کے علاقے بینک فٹ میں کیر باٹم روڈ پر پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے میں 46 سالہ خاتون ہلاک جبکہ 20 سالہ خاتون شدید زخمی ہو گئی۔
پولیس کے مطابق منگل کی صبح 1 بج کر 40 منٹ پر اطلاع موصول ہوئی کہ ایک شخص نے گھر کے اندر دو خواتین پر شدید تشدد کیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایمرجنسی سروسز موقع پر پہنچ گئیں، جہاں دونوں خواتین زخمی حالت میں پائی گئیں۔
46 سالہ خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئی، جبکہ 20 سالہ خاتون کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت بدستور نازک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے بریڈفورڈ کے ایک دوسرے علاقے سے 27 سالہ شخص کو قتل اور قتل کی کوشش کے شبے میں گرفتار کر لیا۔ ملزم تاحال پولیس کی حراست میں ہے اور اس سے تفتیش جاری ہے۔
پولیس نے واقعے کے عینی شاہدین اور کسی بھی قسم کی معلومات رکھنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ تحقیقات میں مدد کے لیے حکام سے رابطہ کریں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ