کراچی سیف سٹی منصوبے کا فیز ون مکمل، فیز ٹو شروع کرنے کی تیاری ہے: وزیر داخلہ سندھ

وزیر داخلہ سندھ ضیاء لنجار : فائل فوٹو
وزیر داخلہ سندھ ضیاء لنجار نے کہا ہے کہ کراچی سیف سٹی منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے اور اب دوسرے مرحلے میں داخل ہونے جا رہے ہیں۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاء لنجار کی زیرِ صدارت کراچی سیف سٹی منصوبے پر پیش رفت اور آئندہ اقدامات سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں منصوبے کے مختلف پہلوؤں، تکنیکی تقاضوں اور عملی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈی جی سیف سٹی نے منصوبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
ضیاء لنجار نے ہدایت کی کہ سیف سٹی منصوبے کے سافٹ ویئر کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو محفوظ شہر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے، جدید نگرانی کے نظام اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کے تحفظ کے نظام کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے جرائم کی بروقت نشاندہی اور مؤثر روک تھام یقینی بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی سیکیورٹی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ حکمت عملی وضع کرنا ناگزیر ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ