میں اسمبلی کے فلور پر کہتا ہوں کہ ٹیچرز کا مسئلہ حل ہوگیا ہے: سردار شاہ

فوٹو: فائل
وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے کہا ہے کہ میں اسمبلی کے فلور پر کہتا ہوں کہ ٹیچرز کا مسئلہ حل ہوگیا ہے۔ اساتذہ کو بتایا گیا کہ آپ کے مطالبات مانے جا رہے ہیں۔
سندھ اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے سید سردار شاہ نے کہا ہے کہ پرائمری ٹیچرز کے ایک گروپ نے ہڑتال کی ہے، ان پرائمری ٹیچرز کا اس کمیٹی سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ پرائمری ٹیچرز کا سروس اسٹرکچر بننا چاہیے۔
صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ سروس اسٹرکچر کا مسئلہ ایس اینڈ جی اے ڈی کو بھیجا ہے۔ یہ طے شدہ ہے ان کو سروس اسٹرکچر ملے گا۔ اساتذہ کو بتایا گیا کہ آپ کے مطالبات مانے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دو گروپس ہیں ان کے درمیان کریڈٹ لینے کا مسئلہ ہے، بچوں کی پڑھائی چھوڑ کر کئی دنوں سے اساتذہ یہاں بیٹھے ہیں۔
سردار شاہ نے کہا کہ میں اسمبلی کے فلور پر کہتا ہوں کہ ان کا مسئلہ حل ہوگیا ہے۔ چند ماہ میں سروس اسٹرکچر بن جائے گا، اساتذہ ہڑتال ختم کردیں۔
قبل ازیں ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم نے میرٹ پر ہزاروں نوکریاں دی ہیں۔ پریس کلب کے باہر اساتذہ بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں۔ آپ کے گوش گذار کروں گا کہ یہ مسئلہ حل کریں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ