بدھ، 18 نومبر، 2026 · 9 جمادی الثانی، 1448 ہجری

اگلے 5 سال میں 10 فیصد افراد بے روزگار ہوسکتے ہیں، آئی بی ایم سربراہ کی اہم پیش گوئی

تازہ ترین
اگلے 5 سال میں 10 فیصد افراد بے روزگار ہوسکتے ہیں، آئی بی ایم سربراہ کی اہم پیش گوئی

سربراہ آئی بی ایم اروِند کرشنا — فائل فوٹو

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی آئی بی ایم کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اروِند کرشنا کا کہنا ہے کہ اے آئی کے تیزی سے بڑھتے استعمال کے باعث آئندہ 5 برسوں میں تقریباً 10 فیصد ملازمین اپنی ملازمتوں سے محروم ہو سکتے ہیں۔

اروِند کرشنا نے خبردار کیا ہے کہ اے آئی ایجنٹس آنے والے برسوں میں بالخصوص دفتری ملازمتوں کی نوعیت تبدیل کر دیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ دنیا کی تقریباً 60 فیصد ملازمتیں ایسی ہیں جنہیں اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے مکمل طور پر انجام نہیں دیا جا سکتا، جن میں کھانا پکانا، ہیوی ٹرک چلانا اور ہوٹلنگ کے شعبوں سے وابستہ کام شامل ہیں۔

آئی بی ایم کے سربراہ نے مزید کہا کہ دنیا میں 40 فیصد ملازمتیں ایسی ہیں جو اے آئی سے متاثر ہوسکتی ہیں، جن میں زیادہ تر دفتری اور وائٹ کالر جابز شامل ہیں۔

جنوبی کوریا: ٹیکس اکاؤنٹنٹ امتحان میں پہلی پوزیشن لینے والے امیدوار کا مصنوعی ذہانت سے نقل کرنے کا اعتراف

اُنہوں نے کہا کہ اے آئی کے بڑھتے ہوئے استعمال سے متاثر ہونے والی ملازمتوں میں سے تقریباً نصف ملازمتوں کے کام اگلے 5 برس میں اے آئی ایجنٹس سنبھال سکتے ہیں جس کے نتیجے میں عالمی افرادی قوت کے تقریباً 10 فیصد افراد کی ملازمتیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

اروِند کرشنا نے 3 اہم شعبوں کی نشاندہی کی جہاں اے آئی پہلے ہی نمایاں تبدیلیاں لا رہی ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ پہلا شعبہ سافٹ ویئر پروگرامنگ ہے، جہاں اے آئی ایجنٹس انسانوں سے بہتر کوڈ لکھنے کی صلاحیت حاصل کر رہے ہیں، اس شعبے میں اے آئی کے ذریعے کام کی پیداواری صلاحیت میں 30 سے 40 فیصد تک اضافہ ممکن ہے۔

آئی بی ایم کے سربراہ کا کہنا ہے کہ دوسرا اہم شعبہ کسٹمر سروس ہے، جہاں اے آئی صارفین کے سوالات کے بہتر جوابات دینے اور خدمات کا معیار بہتر بنانے میں مدد دے سکتی ہے اور تیسرا شعبہ کاروباری اور انتظامی امور ہیں جن میں اکاؤنٹنگ، خریداری، انسانی وسائل اور مالیاتی لین دین جیسے کام شامل ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اے آئی بعض روایتی ملازمتوں کی جگہ ضرور لے گی لیکن مجموعی طور پر روزگار کے مواقع میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔

چین میں انسانوں جیسی متعدد صلاحیتوں کا حامل حیران کن روبوٹ متعارف

اروِند کرشنا کا کہنا ہے کہ لاکھوں بلکہ اربوں اے آئی ایجنٹس تیار کرنے، انہیں چلانے، ان کی نگرانی کرنے اور ان کی کارکردگی کو درست رکھنے کے لیے بڑی تعداد میں انسانی ماہرین کی ضرورت ہوگی۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ ملازمتوں کی اس تبدیلی کا عمل معاشرے کے لیے تکلیف دہ ہوسکتا ہے، اس لیے متاثر ہونے والے افراد کو نئے شعبوں میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہوگی۔

آئی بی ایم کے سربراہ نے امریکا اور چین کے درمیان مصنوعی ذہانت کی برتری کی جنگ پر بھی بات کی۔

اُنہوں نے کہا کہ جدید ترین اے آئی ماڈلز کی تیاری میں امریکا کو برتری حاصل ہے لیکن کاروباری سرگرمیوں، کسٹمر سروس اور مختلف عملی شعبوں میں اے آئی کے استعمال کے حوالے سے چین تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

اروِند کرشنا نے واضح کیا کہ مستقبل میں کامیابی صرف جدید اے آئی ٹیکنالوجی تیار کرنے سے نہیں بلکہ اسے حقیقی مسائل حل کرنے اور کاروباری پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے استعمال کرنے سے حاصل ہوگی۔

بشکریہ روزنامہ جنگ