پاکستانی آئی ٹی برآمدات ملکی تاریخ کی بلند ترین ماہانہ سطح پر پہنچ گئیں

پاکستان کی انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کی برآمدات اکتوبر 2026ء میں ملکی تاریخ کی بلند ترین ماہانہ سطح پر پہنچ گئیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں آئی ٹی برآمدات کا حجم 45 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز رہا جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 17.4 فیصد زیادہ ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر بھی اکتوبر میں آئی ٹی برآمدات میں 4.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پاکستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ فریم ورک کو جلد حتمی شکل دی جائے گی: وفاقی وزیرِ آئی ٹی
رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ، جولائی سے اکتوبر کے دوران آئی ٹی برآمدات 1 ارب 73 کروڑ ڈالرز تک پہنچ گئیں جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 18 فیصد زیادہ ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ مالی سال 26-2025ء میں بھی آئی ٹی برآمدات کا نیا ریکارڈ قائم کیا تھا، اس دوران برآمدات 4 ارب 60 کروڑ ڈالرز رہیں جو مالی سال 25-2024ء کے 3 ارب 80 کروڑ ڈالرز کے مقابلے میں سالانہ بنیادوں پر 20.6 فیصد زیادہ تھیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ