پاکستانی بندرگاہ پر بھارتی عملے کی دستاویزات میں سنگین بے ضابطگیاں بے نقاب

پورٹ قاسم پر لنگر انداز کنٹینر بردار جہاز پر تعینات بھارتی عملے کے 2 ارکان کی سمندری دستاویزات میں سنگین بے ضابطگیاں سامنے آ گئیں جس پر ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ شپنگ کمپنی ایم ایس سی پاکستان پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جہاز اگامیمنن 8 پر تعینات 2 بھارتی شہریوں آتھلنگم کارتھیکیان اور ولیکّیٹل بابو سِزلے کی دستاویزات کی جانچ پڑتال کے دوران انکشاف ہوا کہ ان کے پاس لازمی قومی یا متعلقہ ملک کی جانب سے جاری کردہ درست سی مین بک موجود نہیں تھی۔
حکام کے مطابق دونوں بھارتی شہریوں کے پاس بالترتیب بیلیز اور سینٹ کٹس اینڈ نیوس کے جاری کردہ سی ڈی سی دستاویزات بھی مقررہ قواعد و ضوابط پر پورا نہیں اترتی تھیں۔
پاکستان کا بندرگاہی نظام جدید اصلاحات اور ڈیجیٹلائزیشن کے نئے دور میں داخل ہوگیا
ایف آئی اے امیگریشن نے معاملے پر ایم ایس سی پاکستان کو شوکاز نوٹس جاری کر کے وضاحت طلب کر لی۔
کمپنی کا جواب غیر تسلی بخش قرار دیے جانے پر بھارتی عملے کے دونوں ارکان کے حوالے سے فی کس 5 لاکھ روپے، مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ