بدھ، 18 نومبر، 2026 · 9 جمادی الثانی، 1448 ہجری

جینسن ہوانگ کی بیٹی اور اینویڈیا کے سینئر افسر کے درمیان تلخ کلامی ہونے کا انکشاف

تازہ ترین
جینسن ہوانگ کی بیٹی اور اینویڈیا کے سینئر افسر کے درمیان تلخ کلامی ہونے کا انکشاف

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی اینویڈیا کے سابق سربراہ جینسن ہوانگ کی بیٹی میڈیسن ہوانگ اور کمپنی کے سینئر عہدیدار جے پوری کے درمیان تلخ کلامی کا واقعہ سامنے آگیا۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ رواں سال فروری میں نئی دہلی میں منعقد ہونے والے انڈیا اے آئی سمٹ کی تیاریوں کے دوران پیش آیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت اینویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ نے آخری وقت میں بھارت کا دورہ منسوخ کر دیا تھا اور اپنی جگہ کمپنی کے تجربہ کار عہدیدار جے پوری کو تقریب میں شرکت کے لیے بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس اچانک ہونے والی تبدیلی کے باعث تقریب کی تیاریوں اور انتظامات میں مشکلات پیدا ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق جینسن ہوانگ کی بیٹی میڈیسن ہوانگ تیاریوں سے ناخوش تھیں اور انہوں نے ایک کانفرنس کال کے دوران جے پوری سمیت کمپنی کے متعدد سینئر عہدیداروں پر برہمی کا اظہار کیا۔

اینویڈیا کا جینسن ہوانگ کے بغیر زیادہ منافع کمانے کا دعویٰ

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بات اس وقت مزید بڑھ گئی جب جے پوری نے میڈیسن ہوانگ کو درمیان میں روک کر کہا کہ اگر آپ مجھ پر چیخنا بند کردیں تو میں آپ کے سوالات کا جواب دے سکتا ہوں۔

جے پوری، جن کا پورا نام اجے کے پوری ہے، 2005ء میں اینویڈیا کا حصّہ بنے تھے۔ اس سے قبل وہ 22 برس تک سن مائیکرو سسٹمز میں خدمات انجام دے چکے تھے۔

وہ اینویڈیا کے عالمی کاروباری معاملات کے اہم ذمے دار تھے اور کمپنی کی فروخت، کاروباری ترقی، شراکت داری، انجینئرنگ، تکنیکی معاونت اور دیگر اہم شعبوں کی نگرانی کرتے تھے۔

رپورٹ کے مطابق میڈیسن ہوانگ کے ساتھ تلخ کلامی کے تقریباً 6 ماہ بعد جے پوری نے اینویڈیا کو چھوڑ دیا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ