بدھ، 18 نومبر، 2026 · 9 جمادی الثانی، 1448 ہجری

موجودہ درمیانی عمر کے افراد کی صحت سابقہ نسلوں کے مقابلے میں زیادہ خراب کیوں؟

تازہ ترین
موجودہ درمیانی عمر کے افراد کی صحت سابقہ نسلوں کے مقابلے میں زیادہ خراب کیوں؟

سابقہ نسلوں یعنی بے بی بومرز کے مقابلے میں جنریشن ایکس میں درمیانی عمر میں موٹاپے، ذیابیطس اور کینسر کی شرح زیادہ پائی گئی ہے۔

برطانیہ میں رواں ماہ شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق 1965ء سے 1980ء کے درمیان پیدا ہونے والے جنریشن ایکس سے تعلق رکھنے والے افراد میں موٹاپے، ذیابیطس اور کینسر کی بعض اقسام کی شرح ان سے پہلے کی نسلوں بے بی بومرز یعنی 1946ء سے 1964ء کے درمیان پیدا ہونے والوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

طبی شعبے میں کئی دہائیوں کی ترقی کے باوجود جنریشن ایکس کے بہت سے افراد زندگی کے اگلے مرحلے میں نسبتاً خراب صحت کے ساتھ داخل ہو رہے ہیں۔

یونیورسٹی کالج لندن (یو سی ایل) کے محققین نے اس تحقیق کے لیے برطانیہ میں 1970ء کے دوران ایک ہی ہفتے میں پیدا ہونے والے تقریباً 8 ہزار افراد کے کوائف کا جائزہ لیا، جن کی عمریں تقریباً 50 سال تھیں۔

نیند کی کمی نظامِ ہاضمہ کو کس طرح متاثر کرتی ہے؟

حالیہ تحقیق کے مطابق جنریشن ایکس سے تعلق رکھنے والے صرف 41 فیصد شرکاء (جو اب اپنی 50 ویں دہائی میں ہیں) نے اپنی صحت کو بہترین یا بہت اچھی قرار دیا، جبکہ اس سے قبل 2008ء میں کی جانے والی تحقیق میں اسی عمر میں بے بی بومرز میں یہ شرح 50 فیصد تھی۔

جنریشن ایکس کے زیادہ افراد نے ذیابیطس میں مبتلا ہونے اور موٹاپے کی شکایت کی، اس کے علاوہ اس نسل کے افراد نے ذہنی دباؤ اور نفسیاتی پریشانی کی زیادہ علامات بھی رپورٹ کیں۔

دوسری جانب حالیہ تحقیق میں ایک چوتھائی سے زائد شرکاء نے اپنی صحت کو معمولی یا خراب قرار دیا۔

تحقیق کے نتائج سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ نسل درمیانی عمر کے چیلنجز سے کس طرح نمٹ رہی ہے۔

تحقیق کے نتائج میں ایک تلخ تضاد بھی سامنے آیا، جب شرکاء سے پوچھا گیا کہ زندگی میں ان کے لیے سب سے زیادہ اہمیت کس چیز کی ہے تو انہوں نے صحت کو دولت، پیشہ ورانہ زندگی اور حتیٰ کہ ذاتی تعلقات سے بھی کہیں زیادہ اہم قرار دیا۔

شرکاء نے صحت کی اہمیت کو 10 میں سے 9.3 نمبر دیے، جبکہ وافر دولت کو صرف 6.1 نمبر ملے، تاہم افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ صحت کو اہمیت دینا اور حقیقت میں اچھی صحت سے لطف اندوز ہونا بظاہر دو بالکل مختلف باتیں ہیں۔

ایک اور تحقیق کے دوران کنگز فنڈ کے ایک تجزیے سے معلوم ہوا کہ انگلینڈ میں صحت مند زندگی کی متوقع مدت 2022ء سے 2024ء کے دوران، 2017ء سے 2019ء کے مقابلے میں 2 سال سے بھی زیادہ کم ہو گئی۔

محققین کے مطابق اس کی روشنی میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ جنریشن ایکس کی صحت میں خرابی کوئی منفرد معاملہ نہیں، بلکہ ہم سب کی صحت مجموعی طور پر خراب ہو رہی ہے۔

نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کے لیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ