بلاول آئین سے اپنی مرضی کی شق موسم کے حساب سے نکالتے ہیں: طلال چوہدری

بلاول بھٹو زرداری اور طلال چوہدری—فائل فوٹو
وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول آئین بنانے کے چیمپئن بنتے ہیں اور آئین اور جمہوریت کے نفاذ کے لیے ان کی گورننس اور پرفارمنس زیرو ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ آئین میں سے اپنی مرضی کی شق وہ موسم کے حساب سے نکالتے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ انتظامی یونٹ بننے چاہئیں، جبکہ جہاں کرپشن اور بیڈ گورننس ہے وہ اس کے بارے میں کہتے ہیں کہ اس صوبے کو تقسیم نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامی یونٹ کی ضرورت وہاں ہے جہاں بیڈ گورننس ہے، 3 صوبوں میں حکومت، پاکستان کا صدر والد، چیئرمین سینیٹ، پاکستان میں 70 فیصد حکمرانی پیپلز پارٹی کی ہے۔
بیانات کے بجائے صوبے کے قیام کی بحث کو پارلیمنٹ میں لایا جائے: وزیرِ تعلیم پنجاب
طلال چوہدری نے کہا کہ بلاول نے کہا کہ زبردستی ووٹ ڈال دیا، ووٹ ڈالنے کے بعد معصوم بن کر کہتے ہیں میں اس سے علیحدہ تھا، مجھے پتہ ہی نہیں، یاد کر لیں کہ 1973ء کے آئین یا 18 ویں ترمیم میں بھی تو اسی طرح کسی وجہ سے ووٹ نہیں ڈال دیا تھا؟ پھر آپ انتظامی یونٹس کے معاملے پر بھی ووٹ ڈال دیجیے گا اور بعد میں ایسی پریس کانفرنس کر دیجیے گا۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ کیا 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ سیاسی قیدی ہے؟ سیاست اور انتشار میں کوئی تو فرق ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا بھگت رہے ہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ میں وکلاء تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ