ڈونلڈ ٹرمپ و شی جن پنگ ملاقات سے قبل چین کی تجارتی مراعات ختم کرنے کا بل پیش

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چینی صدر شی جن پنگ کے ہمراہ---فائل فوٹو
امریکی ڈیموکریٹ سینیٹر ٹیمی بالڈون نے چین کی خصوصی تجارتی حیثیت اور مراعات ختم کرنے کے لیے بل پیش کر دیا۔
یہ پیش رفت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کی رواں سال تیسری ملاقات سے چند روز قبل سامنے آئی ہے جس میں دونوں رہنما تجارتی کشیدگی کم کرنے پر بات کریں گے۔
دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق بل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چین منصفانہ تجارتی اصولوں کی پاسداری میں ناکام رہا ہے، بل منظور ہونے کی صورت میں 2022ء سے نافذ چین کی مستقل معمول کی تجارتی حیثیت ختم کرنے کی مدت مقرر کی جائے گی۔
بل کے تحت امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر کو محکمہ تجارت اور بین الاقوامی تجارتی کمیشن کے ساتھ مل کر چین کی تجارتی اور مالیاتی پالیسیوں سے امریکا کو درپیش مسائل پر رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
سربراہی ملاقات میں غیر معمولی مناظر: ڈونلڈ ٹرمپ نے شی جن پنگ کو اپنی دیوہیکل تصویر دکھائی
سینیٹر ٹیمی بالڈون کا کہنا ہے کہ چین کے ساتھ تجارتی تعلقات کا ازسرنو جائزہ لے کر امریکی کارکنوں، صنعت کاروں اور خاندانوں کے مفادات کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔
امریکی بین الاقوامی تجارتی کمیشن کی اگست میں جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق چین کی تجارتی حیثیت ختم کرنے سے چینی درآمدی اشیاء مہنگی ہو سکتی ہیں جبکہ امریکی صارفین کی قیمتوں میں 0.7 فیصد اضافے اور معیشت کی شرح نمو میں 0.2 فیصد کمی کا خدشہ ہے۔
دی نیوز کی رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ اور شی جن پنگ کی ملاقات چین کے شہر شین ژین میں متوقع ہے، بل منظور ہونے کی صورت میں صدر ٹرمپ اسے ویٹو بھی کر سکتے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ