بدھ، 18 نومبر، 2026 · 9 جمادی الثانی، 1448 ہجری

بیانات کے بجائے صوبے کے قیام کی بحث کو پارلیمنٹ میں لایا جائے: وزیر تعلیم پنجاب

تازہ ترین
بیانات کے بجائے صوبے کے قیام کی بحث کو پارلیمنٹ میں لایا جائے: وزیر تعلیم پنجاب

وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات—فائل فوٹو

وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ قومی اتفاق رائے کے لیے صوبوں سے متعلق بحث کو پارلیمنٹ میں کیوں نہیں لاتے، بیانات کے بجائے صوبے کے قیام کی بحث کو پارلیمنٹ میں لایا جائے۔

جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ انتظامی یونٹ اور صوبے بننے سے زیادہ لوکل گورنمنٹ ضروری ہے۔

رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ انتظامی یونٹس یا صوبے بنانا قومی قیادت کا مینڈیٹ ہے، کیا افغانستان میں زیادہ صوبوں سے مسائل کا حل نکلا۔

نئے صوبے، آئینی طریقہ کار پر حکومتی اتحادیوں میں شدید اختلافات

انہوں نے کہا کہ چھوٹے صوبے لسانی بنیادوں پر نہ بنیں اور گورننس بہتر ہو تو کوئی حرج نہیں، عوام کہے چھوٹے صوبے بنانا ضروری ہے تو ان کی رائے کا احترام کیا جائے۔

صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ مسائل کا حل لوکل گورنمنٹ میں ہے، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مرحلوں میں کروا رہے ہیں، لوکل گورنمنٹ کے نظام کی ناکامی میں تمام جماعتیں شریک ہیں۔

رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ لوکل گورنمنٹ کا مضبوط نظام ہوتا تو نئے صوبوں پر بات ہی نہ ہوتی، ہم نے صوبوں کا آئیڈیا ہی نہیں دیا جنہوں نے دیا وہ اتفاقِ رائے پیدا کریں۔

ان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں امن و امان اور انفرا اسٹرکچر سب سے بہتر ہے، پنجاب سب سے بڑا صوبہ ہو کر ڈلیور کر رہا ہے، اس حساب سے چھوٹے صوبوں کو ڈلیور کرنا چاہیے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ