بدھ، 18 نومبر، 2026 · 9 جمادی الثانی، 1448 ہجری

جرمنی: ڈوئچے بینک کی 15 ملین خفیہ دستاویزات لیک، ارب پتیوں کے کئی راز افشا

تازہ ترین
جرمنی: ڈوئچے بینک کی 15 ملین خفیہ دستاویزات لیک، ارب پتیوں کے کئی راز افشا

جرمنی کے بڑے بینک ڈوئچے بینک کی 15 ملین سے زائد خفیہ دستاویزات افشا ہوگئیں، جس سے عالمی سطح پر تہلکا مچ گیا۔

بینک میں سسٹمیٹک فیلیئر بےنقاب ہونے سے روسی ارب پتیوں، جیفری ایپسٹین اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق مالی معاملات کے اہم انکشافات سامنے آگئے۔

فنانشل ٹائمز کے مطابق 2 باخبر اور مستند ذرائع نے بینک کی اندرونی ای میلز، بورڈ اجلاسوں کی کارروائی، مالیاتی تحقیقات، نگرانی کی دستاویزات اور ملازمین کی گفتگو پر مشتمل ریکارڈ صحافیوں کو فراہم کیا۔

دنیا بھر کے 50 سے زائد ذرائع ابلاغ کے 200 سے زیادہ صحافیوں نے لیک شدہ دستاویزات کا جائزہ لیا، جس کے مطابق بینک کے سربراہ کرسٹین سوینگ کی قیادت میں بعض مواقع پر قواعد کی پابندی سے متعلق خدشات کے باوجود روس میں کاروبار بڑھانے کی منصوبہ بندی کی گئی۔

پینٹاگون کی خفیہ دستاویزات لیک، اہلکار کو 15 سال قید کی سزا

بینک کے سربراہ پر الزام ہے کہ انہوں نے منافع کے حصول کے لیے اندرونی وارننگز کو نظر انداز کیا۔

دستاویزات کے مطابق بینک نے بدنام زمانہ جیفری ایپسٹین سے منسلک تقریباً 60 کروڑ ڈالرز کی مشتبہ ادائیگیوں کی منتقلی کی سہولت فراہم کی، جس نے بینک کے مالی نگرانی کے نظام پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

تحقیق میں یہ انکشاف بھی ہوا کہ 2017ء میں بینک کے 1 ملازم سے غلطی کے باعث ڈونلڈ ٹرمپ سمیت 1586 صارفین کی مالی معلومات لیک ہوئیں۔

بینک کی انتظامیہ نے اس معاملے کو خفیہ رکھنے کا فیصلہ کیا اور وائٹ ہاؤس کو مطلع نہیں کیا۔

ان فائلوں میں ملائیشیا کے مشہور 1MBD کرپشن اسکینڈل اور جنوبی افریقہ کے گپتا خاندان کی مشکوک ترسیلاتِ زر میں بینک کے کردار کی تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں۔

ان انکشافات کے بعد ڈوئچے بینک کے شیئرز تقریباً 6 فیصد تک گر گئے۔

بینک کا کہنا ہے کہ سامنے آنے والے معاملات کئی برس پرانے ہیں اور 2019ء سے 2025ء کے دوران نگرانی کے نظام کو بہتر بنانے پر 7 ارب یورو خرچ کیے گئے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ