عید کی تقریب منسوخ کرنے پر گورنر ٹیکساس گریگ ایبٹ کیخلاف مقدمہ درج

گورنر گریگ ایبٹ---فوٹو بشکریہ غیر ملکی میڈیا
امریکی ریاست ٹیکساس میں عیدالاضحیٰ کی تقریب منسوخ کیے جانے کے معاملے پر مسلمانوں کے شہری حقوق کے لیے سرگرم تنظیم کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز (کئیر) نے گورنر گریگ ایبٹ اور گرینڈ پریری کی شہری انتظامیہ کے خلاف وفاقی عدالت سے رجوع کر لیا۔
کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز کے مطابق تقریب کی منتظم ڈاکٹر امینہ نائٹ نے اس اقدام کو امریکی آئین کی پہلی ترمیم کے تحت مذہبی آزادی اور شہری حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس ٹیکساس نے 17 نومبر کو مقدمہ دائر ہونے کی تصدیق کی ہے۔
ٹیکساس میں سیاسی سونامی، 32 سال بعد ریپبلکن اقتدار کا خاتمہ
تنازع کا آغاز 6 مئی کو ہوا جب گورنر گریگ ایبٹ نے گرینڈ پریری کے سرکاری ملکیتی ایپک واٹرز انڈور واٹر پارک میں یکم جون کو منعقد ہونے والی نجی عیدالاضحیٰ کی تقریب پر اعتراض کیا۔
انہوں نے شہری انتظامیہ کو خبردار کیا تھا کہ اگر تقریب منسوخ نہ کی گئی تو ریاست کی جانب سے دی جانے والی تقریباً 530,000 ڈالرز کی گرانٹس روک دی جائیں گی۔
تقریب کے ابتدائی اشتہار میں صرف مسلمانوں کے لیے کے الفاظ درج تھے تاہم منتظمین نے بعد میں یہ عبارت تبدیل کر دی تھی۔
ان کا مؤقف تھا کہ مقصد کسی کو مذہب کی بنیاد پر محروم کرنا نہیں بلکہ مناسب لباس کے ضابطے کے تحت نجی تقریب منعقد کرنا تھا، اس کے باوجود شہری انتظامیہ نے اسی روز تقریب منسوخ کر دی۔
مسلم تنظیموں کے خلاف گورنر ایبٹ کے اقدامات
نومبر 2024ء سے نومبر 2026ء کے دوران گورنر گریگ ایبٹ کی انتظامیہ نے مسلم تنظیموں اور مذہبی سرگرمیوں سے متعلق کم از کم 11 نمایاں اقدامات کیے۔
مارچ 2025ء میں ایسٹ پلینو اسلامک سینٹر کے مجوزہ رہائشی منصوبے ایپک سٹی کی تحقیقات کا حکم دیا گیا جبکہ ستمبر 2025ء میں اس منصوبے سے متعلق ایوانِ نمائندگان کے بل 4211 پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔
نومبر 2025ء میں کئیر اور مسلم برادرہڈ کو ریاستی قوانین کے تحت غیر ملکی دہشت گرد اور بین الاقوامی مجرمانہ تنظیمیں قرار دیا گیا جسے کئیر نے عدالت میں چیلنج کیا، اسی ماہ مبینہ شرعی عدالتوں اور کئیر کی سرگرمیوں کی تحقیقات کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔
دسمبر 2025ء میں وفاقی وزیرِ خزانہ سے کئیر کی ٹیکس سے مستثنیٰ حیثیت کی تحقیقات کی درخواست کی گئی، جنوری 2026ء میں ہیوسٹن اسلامک گیمز میں کئیر کی معاونت پر اعتراض کیا گیا اور اٹارنی جنرل سے تنظیم کے خلاف قانونی اختیارات استعمال کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
اگست 2026ء میں ڈیلس فورٹ ورتھ اور ہیوسٹن کے ہوائی اڈوں پر وضو اور نماز کی سہولتوں کا معاملہ وفاقی محکمۂ ٹرانسپورٹ اور محکمۂ انصاف کو تحقیقات کے لیے بھیجا گیا۔
یہ اقدامات اعلامیوں، قانون سازی، تحقیقاتی احکامات، سرکاری خطوط اور فنڈنگ سے متعلق تنبیہ پر مشتمل تھے۔
گورنر ایبٹ کا مؤقف رہا ہے کہ ان کا مقصد ریاستی قوانین کی بالادستی، قومی سلامتی اور سرکاری سہولتوں میں مذہبی امتیاز کی روک تھام ہے جبکہ کئیر ان اقدامات کو مذہبی آزادی اور آئینی حقوق کے منافی قرار دیتی ہے۔
نومنتخب گورنر کا اعلامیہ واپس لینے کا اعلان
اس تنازع میں اہم پیش رفت 3 نومبر کے انتخابات کے بعد سامنے آئی جب ڈیموکریٹ امیدوار جینا ہینوہوزا نے گورنر گریگ ایبٹ کو شکست دے دی۔
نومنتخب گورنر نے 14 نومبر کو واشنگٹن پوسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میں عہدہ سنبھالنے کے بعد کئیر کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے والے گورنر کا اعلامیہ واپس لے لوں گی۔
انہوں نے کہا کہ عوامی سلامتی کے وسائل حقیقی تحفظ کے لیے استعمال ہونے چاہئیں اور نئی انتظامیہ کی ترجیح ثقافتی تنازعات کے بجائے شہریوں کے روزمرہ مسائل حل کرنا ہو گی۔
کئیر اور اس کی ٹیکساس شاخ نے 16 نومبر کو اس اعلان کا خیر مقدم کیا اور مساجد، اسلامی تعلیمی اداروں اور طلبہ تنظیموں سے متعلق سابقہ اقدامات کا بھی جائزہ لینے کا مطالبہ کیا۔
ٹیکساس میں عید کی تقریب، گورنر ایبٹ کے اسلاموفوبیا و پاکستانی نژاد ڈونر سید جاوید انور کی خاموشی پر کمیونٹی کے سوالات
دوسری جانب ٹیکساس ٹریبیون کے مطابق اٹارنی جنرل کین پیکسٹن کے دفتر نے کئیر کی ریاست میں سرگرمیاں بند کروانے کے لیے فروری 2026ء میں دائر کیا گیا مقدمہ بھی واپس لے لیا ہے تاہم اس مقدمے کی واپسی سے گورنر ایبٹ کا نومبر 2025ء کا اعلامیہ خودباخود منسوخ نہیں ہوا، یہ بھی واضح رہے کہ ریاستی اعلامیہ وفاقی حکومت کی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست کے برابر قانونی حیثیت نہیں رکھتا۔
19 جنوری 2027ء کو نئی گورنر عہدہ سنبھالیں گی
جینا ہینوہوزا 19 جنوری 2027ء کو ٹیکساس کی گورنر کا عہدہ سنبھالیں گی، ان کے سامنے سابقہ انتظامیہ کے اقدامات واپس لینے، بعض معاملات میں قانون ساز اسمبلی کی منظوری حاصل کرنے اور زیرِ سماعت مقدمات کے قانونی اثرات جیسے اہم معاملات ہوں گے۔
گرینڈ پریری میں عید کی تقریب منسوخ کرنے کے خلاف دائر مقدمہ بھی اسی آئینی بحث کا حصہ بن گیا ہے جس میں عدالت کو یہ طے کرنا ہوگا کہ سرکاری اختیارات کے استعمال، مذہبی آزادی اور شہری حقوق کے درمیان آئینی حدود کیا ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ