ایران کے ’ڈرٹی بم‘ حملے سے امریکا کو فوری خطرہ نہیں: مارکو روبیو

امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو---اسکرین گریب
امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے ڈرٹی بم حملے کے حوالے سے امریکا کو کوئی فوری خطرہ لاحق نہیں۔
مارکو روبیو کا یہ بیان امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی اس رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ تہران ڈرٹی بم حملے کی منصوبہ بندی کرسکتا ہے۔
صحافیوں کے سوال پر مارکو روبیو نے کہا ہے کہ بعض انٹیلی جنس ذرائع جھوٹ بول رہے ہیں، وہ من گھڑت باتیں پھیلا رہے ہیں۔
کیا ایران امریکا میں ’ڈرٹی بم‘ حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے؟
انہوں نے کہا ہے کہ بعض ذرائع ناصرف جھوٹی معلومات دے رہے ہیں بلکہ ممکن ہے کہ کچھ معلومات جزوی طور پر درست ہوں، تاہم وہ خفیہ معلومات کو غیر مناسب طریقے سے شیئر کر رہے ہیں۔
مارکو روبیو نے یہ بھی کہا ہے کہ امریکا کے پاس اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ حالیہ دنوں میں فضائی سفر، بینکاری اور قومی سلامتی کے نظام میں تکنیکی تعطل کا آپس میں کوئی تعلق ہے یا اس کے پیچھے کوئی شر پسند عناصر ملوث ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ