سینڈ پیپر اسکینڈل پر کرکٹ آسٹریلیا کا انڈیپینڈنٹ فورم بنانے کا اعلان

سی ای او کرکٹ آسٹریلیا ٹوڈ گرینبرگ— تصویر بشکریہ غیرملکی میڈیا
سینڈ پیپر اسکینڈل پر کرکٹ آسٹریلیا نے انڈیپینڈنٹ فورم بنانے کا اعلان کر دیا۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ڈیوڈ بون اور سی ای او ٹوڈ گرینبرگ نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ 2018ء کے دورۂ جنوبی افریقا میں شامل تمام کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے لیے انڈیپینڈنٹ فورم بنایا جائے گا۔
اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ اس فورم کے ذریعے تمام افراد جو ان واقعات سے متعلق اپنی یادداشتیں یا مؤقف دینا چاہتے ہیں، انہیں خفیہ ماحول فراہم کیا جائے گا، کرکٹ آسٹریلیا نے فیصلہ کیا ہے کہ اس حوالے سے نئی تحقیقات شروع نہیں کی جائیں گی۔
بال ٹیمپرنگ اسکینڈل پر آسٹریلوی کھلاڑیوں کے بیانات کے بعد وسیم اکرم نے کیا کہا؟
ڈیوڈ بون نے کہا ہے کہ سوچ بچار کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ دورۂ جنوبی افریقا میں شامل افراد کے لیے فورم بنایا جائے، یہ فیصلہ کھیل کے بہترین مفاد میں کیا گیا ہے، اس معاملے پر جاری بحث کھیل سے توجہ ہٹانے کا باعث بن رہی ہے۔
علاوہ ازیں ٹوڈ گرینبرگ نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے 2018ء کے دورۂ جنوبی افریقا کے حوالے سے بہت سے مختلف اور متضاد بیانات سامنے آئے، فورم ہر شخص کو آزاد اور محفوظ ماحول میں بات کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔
یاد رہے کہ سابق آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے اپنی کتاب صبر میں سینڈ پیپر اسکینڈل کے حوالے سے نئے انکشافات کیے تھے۔
عثمان خواجہ کے مطابق سینڈ پیپر سے متعلق پوری ٹیم کو علم تھا، بعد ازاں سینڈ پیپر اسکینڈل میں سزا پانے والے ڈیوڈ وارنر نے بھی عثمان خواجہ کی حمایت کی تھی جبکہ سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر چیڈ سیئرز نے بھی پوری ٹیم کو اس کا علم ہونے کی تصدیق کی تھی۔
اس کے بعد موجودہ کپتان پیٹ کمنز اور فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے پوری ٹیم کے ملوث ہونے کے عثمان خواجہ کے دعوے کی نفی کی تھی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ