بدھ، 18 نومبر، 2026 · 9 جمادی الثانی، 1448 ہجری

اسرائیلی پارلیمنٹ میں نیتن یاہو کو بڑا دھچکا، آئزن کوٹ کا اتحادی اسپیکر منتخب

تازہ ترین
اسرائیلی پارلیمنٹ میں نیتن یاہو کو بڑا دھچکا، آئزن کوٹ کا اتحادی اسپیکر منتخب

سابق اسرائیلی فوجی سربراہ گادی آئزن کوٹ اور نگراں اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو—فائل فوٹو

اسرائیلی پارلیمنٹ نے نگراں وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے سیاسی مخالف اور سابق فوجی سربراہ گادی آئزن کوٹ کے اتحادی متان کہانا کو نیا اسپیکر منتخب کر لیا۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق منگل کو اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) میں ہونے والی ووٹنگ کے دوران متان کہانا کے حق میں 66 ووٹ ڈالے گئے، جبکہ نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ کے نامزد امیدوار اوفیر کاٹز کو 52 ووٹ ملے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 54 سالہ متان کہانا سابق اسرائیلی فوجی کمانڈو ہیں اور گادی آئزن کوٹ کی جماعت یاشر سے تعلق رکھتے ہیں۔

نیتن یاہو کے حریف آئزن کوٹ کی کامیابی سے ایران جنگ کا رخ کیسے بدل سکتا ہے؟

رپورٹ کے مطابق اسپیکر کا عہدہ اسرائیلی پارلیمنٹ میں خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ وہ پارلیمانی کارروائی، قانون سازی اور مختلف بلز پر بحث و رائے شماری کے شیڈول پر اثر انداز ہونے کا اختیار رکھتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متان کہانا کی کامیابی کے بعد آئزن کوٹ کے حامیوں کو نیتن یاہو حکومت کی متنازع پالیسیوں کو تبدیل کرنے کے لیے پارلیمنٹ میں اہم موقع مل گیا ہے، جن میں عدالتی اصلاحات سے متعلق قوانین واپس لینا اور وزیرِاعظم کے لیے مدتِ عہدہ کی حد مقرر کرنا بھی شامل ہے۔

گادی آئزن کوٹ نے اسپیکر منتخب ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کنیسٹ تمام شہریوں کا ایوان بن کر اپنا کردار ادا کرے گی۔

نئے اسپیکر متان کہانا نے اپنے پہلے خطاب میں کہا ہے کہ میں نسل، مذہب اور جنس سے قطع نظر تمام شہریوں کے نمائندے کے طور پر کام کروں گا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ