میر رضا کیس میں بہت جلد کچھ نہ کچھ سامنے آجائے گا، میر حسین

میر رضا کے والد میر حسین کا کہنا ہے کہ میر رضا کیس کی تحقیقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہی ہیں، کیس میں بہت جلد کچھ نہ کچھ سامنے آجائے گا۔
کراچی میں جے آئی ٹی سربراہ ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے میر رضا کے والد سے ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے میر حسین نے کہا کہ پہلی مرتبہ ایسا ہوا کہ کوئی ڈی آئی جی ہمارے پاس آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی تحقیقات کررہی ہے، اس وقت کچھ شیئر نہیں کرسکتا، انٹیلی جنس ایجنسیاں جے آئی ٹی میں شامل ہیں امید ہے کیس حل ہوجائے گا۔
میر حسین نے کہا کہ جے آئی ٹی کی طرح پہلی یا دوسری تحقیقاتی ٹیم کام کرلیتی تو شاید قاتل عدالت میں ہوتے۔
دوسری جانب سربراہ جے آئی ٹی ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میر رضا کے اہل خانہ سے ملاقات کے لیے آیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہاں آنے کا مقصد میر رضا کے اہل خانہ کو ابتک کی پیشرفت سے آگاہ کرنا تھا۔
ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے بتایا کہ کیس کی ٹیکنیکل بنیادوں پر تفتیش کی جارہی ہے، ابتدا میں کچھ غلطیاں سامنے آئی تھیں۔
عرفان بلوچ نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر گرفتاریاں بھی کی جائیں گی، نارتھ ناظم آباد میں کی برانچ سے جو اسلحہ ملا اسکا فرانزک کرایا جارہا ہے، کوشش کررہے ہیں جو پہلو رہ گئے ان سے متعلق بھی تفتیش کی جائے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ