بدھ، 18 نومبر، 2026 · 9 جمادی الثانی، 1448 ہجری

اگر آپ دو خاندانوں کو دباؤ میں لا کر کوئی منصوبہ بندی کریں گے تو یہ بد دیانتی ہے: جاوید لطیف

تازہ ترین
اگر آپ دو خاندانوں کو دباؤ میں لا کر کوئی منصوبہ بندی کریں گے تو یہ بد دیانتی ہے: جاوید لطیف

فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ اگر آپ دو خاندانوں کو دباؤ میں لا کر کوئی منصوبہ بندی کریں گے تو یہ بد دیانتی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر ردِعمل دیتے ہوئے ایک بیان میں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی کئی باتوں سے اتفاق کرتا ہوں۔

انہوں نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ کیا پنجاب ہی بار بار تقسیم ہوتا رہے گا؟ نئے یونٹ بننے سے کسی کو انکار نہیں ہے۔لوگوں کی ذہن سازی اور سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کریں تب ہی لوگوں کو اس کا زیادہ فائدہ ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اچھا کام برے طریقے سے نہ کیا جائے۔ کوئی ایک دو بات بلاول جذبات میں کہہ گئے ہیں تو ان کی نیت پر شک نہیں کرنا چاہیے۔

ن لیگی رہنما نے سوال اٹھایا کہ کیا گارنٹی ہے کہ نئے صوبے بن جائیں گے تو شفاف الیکشن ہوں گے؟

جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ اگر ایک قیدی بیمار ہے تو اس کےلیے میڈیکل بورڈ فوری طور پر بننا چاہیے۔ عدالتوں میں جو آئین و قانون کے مطابق ریلیف لکھا ہے تو اسے دینا چاہیے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ خدا کے لیے ضد چھوڑ کر ریاست، معیشت، مہنگائی، قرضے کم کرنے اور ڈیم بنانے کی بات کریں۔

جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ یہ ریفرنڈم ایک دفعہ کروا کر دیکھ لیں کہ آپ کو نئے صوبے چاہئیں یا معیشت کو درست کرنا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ