بانی پی ٹی آئی سے وکلا کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے وکلاء کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے لیگل ٹیم کو 190ملین کیس کی تیاری کی بجائے بیانیہ بنانے پر زور دیا، بانی کی ہدایت پر لیگل ٹیم نے کل کی پیشی کو ہنگامہ خیز بنانے کی حکمت عملی تیار کرلی۔
ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ لیگل ٹیم بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر کل عدالت میں بانی اور بشریٰ بی بی کی صحت کا معاملہ اٹھائے گی، لیگل ٹیم کو ہدایت کی گئی ہے کہ عدالت میں بلڈ پریشر ہائی ہونے اور 85 فیصد بینائی ختم ہونے کا دعویٰ کیا جائے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق لیگل ٹیم بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر بشریٰ بی بی کے سیل میں سانپ، بچھو اور خراب حالت پر ہنگامہ کرسکتی ہے اور حکمت عملی کے تحت کل اسلام آباد ہائی کورٹ میں عدالتی کارروائی میں تاخیری حربے استعمال کرے گی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بانی پی آئی کی ہدایت پر لیگل ٹیم 190ملین پاؤنڈ کا معاملہ سردیوں کی چھٹیوں تک لے جانے اور شور شرابہ کرکے عدالتی فیصلے کی حیثیت کو متنازع بنانے کی کوشش کرے گی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق بانی نے یہ بھی ہدایت کی کہ تاخیری حربے استعمال کرکے میڈیا میں جگہ برقرار رکھی جائے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ