منگل، 17 نومبر، 2026 · 8 جمادی الثانی، 1448 ہجری

کرسمس آئی لینڈ پر لاکھوں سرخ کیکڑوں کا ساحل کی جانب مارچ

تازہ ترین
کرسمس آئی لینڈ پر لاکھوں سرخ کیکڑوں کا ساحل کی جانب مارچ

سڈنی: آسٹریلیا کے مشہور جزیرے 'کرسمس آئی لینڈ' پر کیکڑوں کے سیزن کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، جہاں لاکھوں کی تعداد میں چھوٹے سرخ کیکڑے افزائشِ نسل کے لیے جنگلات سے نکل کر سمندر کے ساحل کی جانب اپنا سالانہ سفر کر رہے ہیں۔

زمین پر سُرخ رنگ کی چادر بچھا دینے والے اس دلکش منظر کو دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے سیاح یہاں کا رخ کر رہے ہیں۔

کرسمس آئی لینڈ نیشنل پارک کی جانب سے اس ہجرت کی روزانہ ایک گھنٹے کے لیے براہِ راست نشریات دکھائی جا رہی ہیں۔ یہ مناظر 16 فٹ اونچے 'ریڈ کریب برج' سے نشر کیے جا رہے ہیں، جسے خاص طور پر اس لیے تعمیر کیا گیا ہے تاکہ کیکڑے مصروف سڑکوں پر گاڑیوں کے نیچے آنے کے بجائے باحفاظت اوپر سے گزر کر ساحل تک پہنچ سکیں۔

اس سالانہ ہجرت کا آغاز جزیرے پر برسات کے موسم کی پہلی بارش کے ساتھ ہوتا ہے (جو عموماً اکتوبر یا نومبر میں برستی ہے)۔

پارک حکام کے مطابق اس سفر کے درست وقت اور رفتار کا تعین چاند کی منزلوں سے ہوتا ہے۔ سرخ کیکڑے ہمیشہ چاند کی آخری سہ ماہی کے دوران طلوعِ آفتاب سے قبل اترتی ہوئی اونچی لہر میں انڈے دیتے ہیں اور حیران کن طور پر انہیں درست وقت کا اندازہ ہوتا ہے کہ انہیں کب اپنے بلوں سے نکلنا ہے۔

کیکڑوں کی حفاظت کے پیشِ نظر جزیرے کی متعدد سڑکوں کو عارضی طور پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا جاتا ہے۔ تاہم سیاحوں کی بڑی تعداد اس قدرتی عمل کا مشاہدہ کرنے کے لیے ڈرم سائٹ، فلائنگ فش کوو، ایتھل بیچ اور گریٹا بیچ جیسے عوامی مقامات پر جمع ہوجاتی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ