27ویں ترمیم پر بیان سے بلاول بھٹو کی نااہلی کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے، راناثناء

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ 27 ویں ترمیم سے متعلق بیان سے بلاول بھٹو کی نااہلی کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ اور پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی بیرسٹر عمیر نیازی نے شرکت کی۔
یہ زور زبردستی کریں گے تو سندھ میں بھائی بھائی کو قتل کرے گا، خون خرابہ نہیں دیکھ سکتا: بلاول
سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ بلاول بھٹو کے اس بیان پر کہ 27ویں ترمیم جبری اکثریت سے کی گئی ہے، ان کی نااہلی کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایک پارٹی کا لیڈر یہ کہے کہ میں نے دباؤ میں آکر آئینی ترمیم پر ووٹ دیا ہے تو اس بیان سے ان کی نااہلی ہوسکتی ہے۔
ن لیگی سینیٹر نے یہ بھی کہا کہ بلاول بھٹو 27ویں ترمیم کے تحت بننے والے جوڈیشل کمیشن کے بینیفشری ہیں، پی پی چیئرمین نے آج ناراضی میں یہ باتیں کی ہیں۔
پیپلز پارٹی کہتی کچھ، عملاً کرتی کچھ اور ہے، ترجمان اپوزیشن اتحاد
اُن کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو سندھ کی تقسیم کی بات پر ناراض ہوئے ہیں، وہاں واقعی ان کے لیے ایک مسئلہ ہے، ہمیں شروع سے پتا ہے سندھ کی تقسیم کی بات پر پیپلز پارٹی کے تحفظات ہیں۔
وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور نے کہا کہ سیاسی طور پر بلاول بھٹو زرداری نے بڑی سنجیدہ باتیں کیں، جی بی اور آزاد کشمیر الیکشن میں ہماری تلخیاں تھیں، انہوں نے سب ختم کیں اور کہا اتفاق سے چلیں گے اس دن بھی یہ غصہ نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ 27ویں ترمیم کے بعد جوڈیشل کمیشن بنا اور بلاول بھٹو اس کے رکن ہیں، بلاول بھٹو کی باتوں کا ہم نے جواب دیا اس سے مراد یہ نہیں کہ دونوں جماعتیں آمنے سامنے آگئیں۔
حکومت میں مزے لینا اور اپوزیشن کرنا کھلا تضاد ہے، عطا تارڑ کی بلاول پر تنقید
رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ فیصل کریم کنڈی بھی مولانا فضل الرحمان کے خلاف تقریریں کررہے ہیں، بلاول بھٹو کو اس کا بھی نوٹس لینا چاہیے، گورنر خیبر پختونخوا صوبے کی تمام سیاسی قیادت سے خود جاکر ملے ہیں مگر مولانا سے نہیں ملے۔
انہوں نے کہا کہ نئےصوبوں کی بحث پارلیمنٹ میں داخل نہیں ہوئی، پارلیمنٹ وہ جگہ ہے جہاں فیصلے ہونے ہیں کہ نئے صوبے بننے ہیں یا نہیں، ابھی تو یہ بحث کابینہ میں بھی نہیں ہوئی۔
وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور نے کہا کہ اگر ریفرنڈم ہونا ہے تو ریفرنڈم کا فیصلہ بھی پارلیمنٹ کو کرنا ہے، نئےصوبوں کا معاملہ پارلیمنٹ میں آئے گا تو اس پر سیر حاصل بحث ہوگی، اتفاق رائے سے ہی صوبے بنیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم کے ذریعے عوام کی رائےمعلوم کی جاسکتی ہے، اگر عوام کی رائے معلوم کرلی جائے تو کوئی حرج نہیں، عوام کی رائے سے سب کو رہنمائی مل سکتی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ