انڈے کھانے کی عام غلطیاں جو آپ کی صحت کو نقصان پہنچا سکتی ہیں

انڈے دنیا بھر میں روزمرہ خوراک کا لازمی حصہ ہیں، تاہم روزانہ کتنے انڈے کھانے چاہئیں اور کیا طریقہ ہونا چاہیے، یہ سوال اکثر زیر بحث رہتا ہے۔
ایک تائیوانی ماہر صحت نے خبردار کیا ہے کہ انڈے کھانے کا غلط طریقہ نہ صرف ان کی غذائیت کم کرسکتا ہے بلکہ فوڈ پوائزننگ (زہر خورانی) کے خطرے میں بھی اضافہ کرسکتا ہے۔
تائیوان کے شہر جنگ شینگ کلینک کے ڈائریکٹر ڈاکٹر چیو چینگ ہونگ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ضرورت سے زیادہ انڈے کھانے یا انہیں غلط طریقے سے تیار کرنے سے ان کی غذائیت کم اور فوڈ پوائزننگ کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مختلف تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ مسلسل 30 روز تک روزانہ تین انڈے کھانے سے خون میں خراب کولیسٹرول کی سطح بڑھ سکتی ہے، جس کے نتیجے میں امراض قلب کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، 2020 میں 17 سائنسی تحقیق میں روزانہ تین انڈے کھانے اور امراض قلب کے خطرے کے درمیان تعلق کی نشاندہی کی گئی تھی۔
طویل عرصے سے یہ تصور عام ہے کہ روزانہ صرف ایک انڈا کھانا چاہیے۔ اس کی بنیادی وجہ انڈے کی زردی میں موجود کولیسٹرول کے قلبی نظام پر ممکنہ اثرات سے متعلق تشویش ہے۔ تاہم ڈاکٹر چیو کے مطابق ہر شخص کے جسم میں کولیسٹرول جذب کرنے اور اسے میٹابولائز کرنے کی صلاحیت مختلف ہوتی ہے، اس لیے روزانہ انڈوں کی مناسب مقدار بھی ہر فرد کے لیے مختلف ہوسکتی ہے۔
اگر ایل ڈی ایل یعنی خراب کولیسٹرول کی سطح 130 ملی گرام فی ڈیسی لیٹر سے کم ہو یا اس حد کے قریب ہو تو روزانہ دو سے زیادہ انڈے نہیں کھانا چاہیے، تاہم اگر یہ سطح صحت مند حدود میں ہو تو پھر تین سے چار انڈے کھانے میں کوئی خاص تشویش نہیں۔
اس کے علاوہ روزانہ انڈوں کے استعمال کا حساب لگاتے ہوئے لوگ اکثر دیگر غذاؤں میں موجود انڈوں کو نظر انداز کردیتے ہیں، جن میں پڈنگ، کیک، ایگ رولز اور ٹماٹر کے ساتھ انڈوں کا سالن یا بھرجی شامل ہیں۔
ایک اور عام غلط فہمی یہ ہے کہ بھورے چھلکے والے انڈے زیادہ قدرتی اور غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں، اسی لیے ان کی قیمت بھی زیادہ ہوتی ہے۔ ڈاکٹر چیو کے مطابق انڈوں کے چھلکے کا رنگ بنیادی طور پر مرغی کی نسل اور اس کی خوراک پر منحصر ہوتا ہے۔ اس کا انڈے کی غذائی قدر پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔
بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ کچے انڈے سب سے زیادہ غذائیت فراہم کرتے ہیں، جبکہ بعض افراد نیم ابلے انڈوں کی نرم اور ملائم ساخت اور بہتی ہوئی زردی کو ترجیح دیتے ہیں۔ تاہم سائنسی مطالعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ مکمل طور پر پکائے گئے انڈوں میں موجود پروٹین جسم 90 فیصد سے زیادہ جذب کرلیتا ہے، جبکہ کچے انڈوں میں یہ شرح 50 فیصد ہوتی ہے۔
اس کے علاوہ کچے یا نیم پکے انڈوں میں سالمونیلا بیکٹیریا کی آلودگی اور فوڈ پوائزننگ کا خطرہ بھی موجود ہوتا ہے۔ کمزور قوت مدافعت رکھنے والے افراد، حاملہ خواتین، چھوٹے بچوں اور بزرگوں کو خصوصی احتیاط کرنی چاہیے اور انڈے کچے یا نیم پکے کھانے سے گریز کرنا چاہیے۔
ڈاکٹر چیو کے مطابق انڈے کھانے کا بہترین طریقہ انہیں مکمل طور پر ابال کر کھانا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر مکمل ابلے ہوئے انڈوں کا ذائقہ کچھ پھیکا محسوس ہو تو اس میں تھوڑی مقدار میں سویا ساس یا قدرتی مصالحہ جات شامل کیے جاسکتے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ