ایشیا کپ بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ، پاکستان کی بھارت کو شکست، فائنل میں جگہ بنالی

فوٹو: اسکرین گریب
ڈھاکہ میں جاری ایشیا کپ بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد روایتی حریف بھارت کو ایک وکٹ سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔ پاکستان نے 180 رنز کا ہدف میچ کی آخری گیند پر حاصل کیا۔ نعمت اللّٰہ نے آخری دو گیندوں پر چھکا اور چوکا لگا کر پاکستان کو یادگار فتح دلائی۔
ڈھاکہ میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 179 رنز بنائے۔ بھارتی کپتان درگاہ راؤ نے 62، سنجے کمار نے 30 اور دنا وینکٹیش نے 26 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے بابر علی، بدر منیر اور محمد ادریس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان اور بھارت کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا جہاں پاکستان کو آخری دو گیندوں پر 7 رنز درکار تھے، نعمت اللّٰہ نے پانچویں گیند پر چھکا اور آخری گیند پر چوکا لگا کر پاکستان کو ایک وکٹ سے فتح دلادی۔
پاکستان نے 9 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرکے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ ایونٹ کا فائنل 20 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ