ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر مقدمے، بھاری جرمانے کا فیصلہ

وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر ایف آئی آر درج کی جائے گی اور بھاری جرمانہ ہوگا۔
اسلام آباد میں اجلاس میں دارلحکومت میں فٹنس اور ایمیشن ٹیسٹ کے بغیر گاڑیوں کا داخلہ بند کرنے اوراسموگ کا باعث بننے والی سرگرمیوں میں ملوث افراد پر بھاری جرمانے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ نے اسلام آباد میں فضائی آلودگی پر قابو پانے اور اسموگ کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مربوط اور مؤثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے بھاری جرمانے کیے جائیں، دھواں چھوڑنے والے بھٹوں اور صنعتی یونٹس کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہشہریوں کا تعاون اسموگ کے تدارک اور فضائی معیار میں بہتری کے لیے انتہائی اہم ہے، رواں سال اکتوبر اور نومبر میں اسلام آباد کا ایئر کوالٹی انڈیکس گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں بہتر رہا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ