منگل، 17 نومبر، 2026 · 8 جمادی الثانی، 1448 ہجری

بانی پی ٹی آئی صحت کی بنیاد پر ریلیف، سزا کا خاتمہ چاہتے ہیں، احسن اقبال

تازہ ترین
بانی پی ٹی آئی صحت کی بنیاد پر ریلیف، سزا کا خاتمہ چاہتے ہیں، احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو سزا حکومت نے نہیں عدالت نے دی، وہ صحت کی بنیاد ریلیف اور سزا کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے کوئی انتقامی رویہ نہیں رکھا گیا، اُن کی پارٹی بڑی دیر سے این آر او کا مطالبہ کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی صحت کی بنیاد پر اپنے لیے ریلیف اور سزا کا خاتمہ چاہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا یافتہ ہیں، سزا حکومت نے نہیں بلکہ عدالت نے دی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کے 60 ارب روپے کا معاملہ درگزر کرنا ہے تو تمام قیدیوں کے لیے عام معافی کا اعلان کردیا جائے، برطانیہ سے آنے والی رقم نجی اکاؤنٹ میں جمع کرائی گئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ امریکا، برطانیہ اور یورپ میں کوئی لیڈر ایسا کرے تو زندگی بھر عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے گا، یہ پاکستان ہی ہے جہاں190 ملین پاؤنڈ کے معاملے کے باوجود مظلومیت کی دہائی دی جا رہی ہے۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی نوازشریف اور بیگم کلثوم نواز کی بیماری کا مذاق اڑایا کرتے تھے، وہ ہمیں بیماری پر طعنے دیتے اور انتقام کا نشانہ بناتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے بازو کے آپریشن کے تیسرے روز نیب سے طلبی کا نوٹس آیا اور مجھے گرفتار کیا گیا، ڈاکٹر کی ہدایت کے باوجود فزیوتھراپی کی سہولت نہیں دی گئی، میرا بازو پوری زندگی کے لیے ٹیڑھا رہ گیا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ سے پناہ مانگنی چاہیے، انسان جو بولتا ہے وہی اس کے سامنے آتا ہے، اللّٰہ تعالیٰ بانی پی ٹی آئی کو احساس دلارہے ہیں کہ کسی کی بیماری کا مذاق نہیں اڑانا چاہیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو تمام ضروری طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، اُن کو جس علاج کی ضرورت ہوتی ہے، وہ فراہم کیا جاتا ہے، ہمیں اُن کی صحت سے متعلق ہمدردی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو دیسی مرغ سمیت مرغن ناشتہ اور من پسند خوراک دی جاتی ہے، وہ اچھی خوراک کے ساتھ علاج کی سہولت بھی حاصل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی قیدی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں ہونی چاہیے، بانی پی ٹی آئی سمیت تمام قیدیوں کے بنیادی حقوق یقینی بنانے پر یقین رکھتے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ