منگل، 17 نومبر، 2026 · 8 جمادی الثانی، 1448 ہجری

یہ زور زبردستی کریں گے تو سندھ میں بھائی بھائی کو قتل کرے گا، خون خرابہ نہیں دیکھ سکتا: بلاول

تازہ ترین
یہ زور زبردستی کریں گے تو سندھ میں بھائی بھائی کو قتل کرے گا، خون خرابہ نہیں دیکھ سکتا: بلاول

ہم غیر آئینی طریقے کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، بلاول بھٹو زرداری - فوٹو: فائل

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر یہ زور زبردستی کریں گے تو سندھ میں بھائی بھائی کو قتل کرے گا۔ میں خون خرابہ نہیں دیکھ سکتا ہوں۔ آئین اور قانون کے مطابق میں صوبوں کا حمایتی ہوں۔

کراچی پریس کلب میں میٹ دا پریس کے دوران خطاب کرتے ہوئے پی پی چیئرمین نے ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے صوبوں کی بحث اور سندھ کی تقسیم کی مخالفت کی۔

یہ خون خرابہ ایک خون تک محدود نہیں رہے گا

ان کا کہنا تھا کہ اگر نئے صوبوں کے نام پر زور زبردستی کی گئی تو سندھ میں بھائی بھائی کو قتل کرے گا، معاشرے میں تقسیم ہوگی جو دشمنی تک جائے گی، عام آدمی ہتھیار اٹھائے گا اور یہ خون خرابہ ایک خون تک محدود نہیں رہے گا۔ میں خون خرابہ نہیں دیکھ سکتا ہوں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی خواہشات، آئین اور قانون کے مطابق نئے صوبے بننے کی حمایتی ہے، لیکن اگر مخالفت ہے تو وہ زور زبردستی پر ہے۔ زور زبردستی پر تقسیم ہم نہیں چاہتے۔ اگر زور زبردستی سندھ کی تقسیم ہوتی ہے تو کراچی کی سڑکوں پر جو خون بہے گا اس پر سوال پوچھے جائیں گے، اس صوبے کے حالات تھے کیا؟ اس شہر کے حالات تھے کیا؟

ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر نہ مجھ سے بات ہوئی ہے اور نہ ہی صدر سے، اس لیے شکوک و شبہات پیدا ہو رہے ہیں۔ پارلیمان تو دور کی بات، وزیراعظم کی کابینہ نے بھی ابھی تک اس معاملے پر کوئی بحث یا فیصلہ نہیں کیا۔ جب چور دروازوں سے اس طرح کے کام کیے جاتے ہیں تو وہ ہمیشہ کے لیے نہیں ہوتے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ماضی میں کراچی کو دارالحکومت بنانے اور ون یونٹ کے قیام کے فیصلے بھی زبردستی کیے گئے، مگر سندھ کے عوام نے مزاحمت اور جدوجہد جاری رکھی۔ ذوالفقار علی بھٹو نے 1973ء کے آئین کے ذریعے سندھ اور بلوچستان سمیت تمام صوبوں کی حیثیت بحال کی۔

میں نسل در نسل سیاست کرنے والا سیاستدان ہوں

بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ میں نسل در نسل سیاست کرنے والا سیاستدان ہوں، ایسا کوئی قدم نہیں اٹھاؤں گا جو عوام کی مرضی کے خلاف ہو، میں ایسا فیصلہ کرنا چاہتا ہوں جس پر کل بھی عوام کے سامنے جا کر انتخابات لڑ سکوں۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کی تجاویز دینے والے بعض افراد کبھی انتخاب نہیں جیتے، ان کے سیاسی مستقبل کا انحصار عوامی ووٹ پر نہیں، جبکہ جہاں عوام کا مطالبہ ہے کہ صوبے بننے چاہئیں وہاں کسی وفاقی وزیر کی توجہ نہیں ہے۔

ریفرنڈم کی بات نہیں، نیت کی بات ہوتی ہے

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ریفرنڈم کی بات نہیں، نیت کی بات ہوتی ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں غیر جمہوری کام کے لیے ریفرنڈم کرایا گیا۔ آئین میں طریقہ کار موجود ہے، یہ تجویز دینا بھی ایسا ہے کہ آپ غیر آئینی طریقہ کار تلاش کر رہے ہیں، تو پیپلز پارٹی کیسے آپ کے ساتھ ہو سکتی ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ ایک صوبے کا وزیر کہتا ہے کہ ریفرنڈم کروا لیں، او بھئی پہلے اپنی اسمبلی کا ریفرنڈم کروا لیں۔

غیر آئینی طریقے کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کے معاملے پر اسمبلی نے ایک نہیں دس بار اپنا مؤقف بتا دیا ہے اور ہم غیر آئینی طریقے کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے نہیں پتا کہ محسن بھائی کرنا کیا چاہ رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم کو منظور ہوئے 16 سال ہو گئے مگر اب تک صوبوں کو وہ مالی وسائل نہیں ملے جو ملنے چاہئیں۔ قومی مفاد اور سیکیورٹی کے لیے تمام صوبے اپنے حصے سے مالی تعاون کر رہے ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ پیٹرولیم لیوی میں صوبوں کا حصہ تقریباً 1.7 ٹریلین روپے بنتا ہے، جو انہیں نہیں مل رہا۔ صوبے وفاق کو مالی وسائل فراہم کر رہے ہیں، لیکن عوام پر پیسہ خرچ نہ ہونے کی ذمہ داری صوبائی حکومتوں کی نہیں بلکہ وفاقی حکومت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ صوبے کے وسائل پر ڈاکا ڈالتے ہیں اور پھر کہتے ہیں صحت کا نظام کیوں کمزور ہے اور سڑک کیوں ٹوٹی ہے؟ انہوں نے واضح کیا کہ نایاب معدنیات پر اختیار صوبائی حکومتوں کے پاس ہے اور عالمی سرمایہ کاری کے لیے وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

وزیراعظم کے پاس اختیار ہونا چاہیے کہ وزیر کو کنٹرول کر سکیں

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے شہباز شریف کو وزیراعظم بنایا اور میں چاہوں گا کہ وہ کامیاب ہوں، تاہم وزیراعظم کے پاس اتنا اختیار ہونا چاہیے کہ اپنے وزیر کو کنٹرول کر سکیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ میں نے وزیراعظم کو دعوت دی ہے کہ وہ سندھ آئیں اور صوبائی حکومت کے ساتھ بیٹھ کر عوامی مسائل اور مشترکہ منصوبوں پر بات کریں اور تجویز بھی دی ہے کہ وہ تمام صوبوں میں کابینہ کے اجلاس منعقد کریں تاکہ عوام کے مسائل حل کیے جا سکیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گورنر راج سے ایک رات پہلے اپوزیشن دہشت گردی کے خلاف تعاون کے لیے دستخط کرنے پر تیار تھی۔ مذاکرات کو سبوتاژ کرنے والوں کی نشاندہی کر کے بات چیت کا عمل جہاں رکا تھا وہیں سے دوبارہ شروع کیا جائے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر اپوزیشن کی اکثریت دہشت گردی کے خلاف تعاون پر تیار تھی تو حکومت کو دوبارہ اس سے رابطہ کرنا چاہیے اور بات کرنی چاہیے کہ گورنر راج ختم کر کے صوبے کی ذمہ داری خود سنبھالیں اور دہشت گردی کا مقابلہ کریں۔

مرض ایک ہو، علاج دوسرا بتایا جائے تو یہ کیسے ہو سکتا ہے

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ 18ویں ترمیم میں ہر پاکستانی کا اعتماد تھا، جبکہ 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے میں نے دن رات محنت کی اور اسے مکمل سیاسی اتفاقِ رائے نہیں بلکہ باہمی سیاسی رضامندی اور بھاری اکثریت سے منظور کروایا، جس میں مولانا فضل الرحمٰن کے ذریعے اپوزیشن کی تجاویز اور مؤقف کو شامل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا عدالتی نظام ڈیم بنانے کے لیے نہ نکلے؛ مرض ایک ہو اور علاج دوسرا بتایا جائے تو یہ کیسے ہو سکتا ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سیاست میں ہمیشہ اتفاقِ رائے بنانا پڑتا ہے۔ میں نے سیاسی ری سیٹ کی بات کی ہے اور کوشش کروں گا کہ سب سے پہلے اس معاملے پر پارٹی میں اتفاقِ رائے آئے اور پھر مجموعی اتفاقِ رائے پیدا کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک الیکشن کمیشن پر اعتماد نہیں ہوگا تب تک الیکشن پر اعتماد نہیں ہو سکتا۔ پاکستان میں کرپشن ایک بنیادی مسئلہ ہے مگر اس کو حل کرنے پر کوئی توجہ نہیں؛ یہاں کرپشن کرنے کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ ریاست کے ساتھ بیٹھ جائیں، آپ جو بھی کریں آپ کو کوئی کچھ نہیں کہے گا، اور آج میں تنقید کر رہا ہوں تو یہ نہ ہو کہ میں بدعنوان اور ملک دشمن قرار پاؤں۔

لاء اینڈ آرڈر ہمارے لیے بڑا چیلنج ہے

صوبائی امور پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے میں کام ہو رہا ہے تاہم مزید کام کی ضرورت ہے۔ لاء اینڈ آرڈر ہمارے لیے بڑا چیلنج ہے جس کا وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر داخلہ نے محنت کر کے مقابلہ کیا۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ اسٹریٹ کرائم کا مسئلہ ضرور ہے جو بدقسمتی سے معاشی مسائل کی وجہ سے بھی ہے، تاہم آرگنائزڈ اسٹریٹ کرائم کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے اور مزید بھی ہوگی۔

بانی پی ٹی آئی کو سیاسی قیدی سمجھتا ہوں

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو سیاسی قیدی سمجھتا ہوں۔ جو وزیر اعظم بنتا ہے وہ جیل جاتا ہے۔ کیا یہ مانوں کہ تمام وزرائے اعظم چور تھے یا یہ سیاسی انتقام ہے۔ وہ دن دیکھنا چاہتا ہوں جب کوئی وزیراعظم بنے تو بعد میں جیل نہ جانا پڑے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی مشکلات کچھ سیاست کی وجہ سے اور کچھ اپنی غلطیوں اور کی گئیں حرکتوں کی وجہ سے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کوشش ہے تمام سیاسی جماعتیں اتفاق رائے پیدا کر سکیں۔ مہنگائی اور غربت کا خاتمہ ہو۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی جلد بیٹھے گی، کوشش کروں گا ایجنڈے پر اتفاق رائے پیدا ہو۔ چاہوں گا ایک گول میز کانفرنس رکھیں جس کا موضوع سسٹم تباہ اور سسٹم ری سیٹ رکھا جائے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ