منگل، 17 نومبر، 2026 · 8 جمادی الثانی، 1448 ہجری

مہنگا زعفران خریدنے کی ضرورت نہیں، گھر میں اگانے کا آسان طریقہ

تازہ ترین
مہنگا زعفران خریدنے کی ضرورت نہیں، گھر میں اگانے کا آسان طریقہ

زعفران کو دنیا کے مہنگے ترین مسالوں میں شمار کیا جاتا ہے تاہم اسے گھر میں بھی باآسانی اگایا جا سکتا ہے، اس کے لیے بڑے باغ یا کھیت کی ضرورت نہیں بلکہ بالکونی میں رکھا ہوا ایک گملا بھی کافی ہے۔

آج کل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر زعفران اگانے کی کئی ویڈیوز وائرل ہیں جنہیں دیکھ کر صارفین کی بڑی تعداد متاثر ہو رہی ہے۔

زعفران گھر میں اگانا واقعی خیالی نہیں بلکہ قابلِ عمل بات ہے، زعفران بیجوں کے بجائے جڑوں سے اگتا ہے جو دیکھنے میں چھوٹی پیاز جیسی ہوتی ہیں۔

زعفران اگانے کا طریقہ

سردیوں میں زعفران کے استعمال کے فوائد

سب سے پہلے اگست سے ستمبر کے دوران اچھی اور صحت مند زعفران کی جڑیں خرید لیں، ایسی گانٹھوں کا انتخاب کریں جن پر کٹ، پھپھوندی یا دھبے نہ ہوں، تقریباً 9 سینٹی میٹر یا اس سے زیادہ گولائی والی جڑیں بہتر رہتی ہیں جن سے 2 سے 4 پھول نکل سکتے ہیں۔

گملا اور مٹی کی تیاری

زعفران اگانے کے لیے مٹی کا گملا استعمال کیا جا سکتا ہے جس کی گہرائی کم از کم 8 انچ ہو اور نچلے حصے میں پانی کے اخراج کے لیے سوراخ موجود ہوں۔

مٹی تیار کرنے کے لیے 2 حصے عام مٹی، 1 حصہ ریت اور 1 حصہ نامیاتی کھاد ملا لیں، خیال رکھیں کہ گملے میں پانی جمع نہ ہو، کیونکہ اس سے جڑیں خراب ہو سکتی ہیں۔

گانٹھیں لگانے کا طریقہ

زعفران کی جڑیں لگانے کا بہترین وقت اگست سے اکتوبر ہے، مٹی میں تقریباً 4 انچ گہرے گڑھے بنائیں اور ہر گانٹھ یعنی جڑ کو نوکیلا حصہ اوپر رکھتے ہوئے لگائیں، جڑوں کے درمیان تقریباً 4 انچ کا فاصلہ رکھیں، پھر مٹی ڈال کر ہلکا پانی دیں۔

روزانہ پانی دینے کی ضرورت نہیں بلکہ پودے کے اگنے اور ابتدائی پتوں کے نمودار ہونے کا انتظار کریں۔

دھوپ اور پانی کی ضرورت

زعفران کے پودے کے لیے اچھی دھوپ درکار ہوتی ہے، اس لیے گملے کو ایسی جگہ رکھیں جہاں مناسب دھوپ مل سکے، جب پتے نکل آئیں تو مٹی کی اوپری سطح خشک ہونے پر پانی دیں، زیادہ پانی دینے سے جڑیں گل سکتی ہیں۔

پھول آنے کے بعد پتوں کو قدرتی طور پر پیلا ہو کر خشک ہونے دیں، گرمیوں میں پودا آرام کی حالت میں چلا جاتا ہے، اس دوران مٹی کو خشک رکھنا ضروری ہے۔

زعفران کی کٹائی اور محفوظ کرنے کا طریقہ

زعفران کے صحت پر حیران کُن فوائد

زعفران کے پھول عموماً اکتوبر اور نومبر میں کھلتے ہیں۔

پھول کھلنے کے بعد اس کے درمیان موجود 3 سرخ دھاگے احتیاط سے نکال لیں، یہی اصل زعفران ہے۔

ان دھاگوں کو کاغذ پر رکھ کر 2 سے 3 دن تک خشک کریں، مکمل خشک ہونے کے بعد انہیں ہوا بند شیشے کے جار میں محفوظ کر لیں، جار کو نمی اور براہِ راست دھوپ سے دور رکھیں۔

یوں سوشل میڈیا پر صرف ویڈیوز دیکھنے کے بجائے مناسب جڑوں، اچھی مٹی، دھوپ اور معمولی دیکھ بھال کے ذریعے گھر میں قیمتی زعفران اگا کر ہزاروں روپے کمائے جا سکتے ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ