عمر قید کا مجرم 15 سال حقیقی قید کاٹے بغیر رہا نہیں ہو سکتا: سپریم کورٹ

سپریم کورٹ آف پاکستان نے عمر قید کی سزا پانے والے مجرموں کی رہائی سے متعلق اہم فیصلہ جاری کر دیا۔
سپریم کورٹ کے جسٹس ہاشم خان کاکڑ نے فیصلہ تحریر کیا جس کے مطابق عمر قید کا مجرم کم از کم 15 سال حقیقی قید کاٹے بغیر رہا نہیں ہو سکتا، 15 سال حقیقی قید مکمل کیے بغیر انتظامی معافی سے رہائی قانون کی نظر میں کالعدم ہے۔
سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ جیل حکام معمول کی معافیاں جمع کر کے عمر قید کی سزا 15 سال سے کم نہیں کر سکتے، جیل حکام آئین کے آرٹیکل 45 کے تحت صدرِ مملکت کے اختیارات پر قبضہ نہیں کر سکتے، انتظامی حکام کو عدالتی فیصلوں کی حتمیت اور تقدس متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ قتل کے مقدمے میں عمر قید پانے والا مجرم 9 سال 11 ماہ قید کاٹ کر رہا ہو گیا تھا، سینٹرل جیل مردان کی رپورٹ میں مجرم گل نواب کی قبل از وقت رہائی کا انکشاف ہوا، سپریم کورٹ نے مجرم کی 9 سال سے زائد قید کے بعد رہائی غیر قانونی قرار دے دی ہے اور اسے فوری گرفتار کر کے دوبارہ جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔
خیبر پختونخوا میں فوج کی مسلسل تعیناتی سے متعلق آئینی عدالت میں جواب جمع
سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ مجرم کو باقی ماندہ سزا پوری کرنے کے لیے دوبارہ جیل میں رکھا جائے، جیل سے باہر آزاد رہنے کی مدت سزا میں شمار نہیں ہو گی۔
سپریم کورٹ نے ٹرائل کورٹ کو مجرم کی گرفتاری کے لیے نیا وارنٹ جاری کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
عدالت کا کہنا ہے کہ صدرِ مملکت کو آئین کے تحت سزا معاف یا کم کرنے کا غیر محدود اختیار حاصل ہے، خصوصی صدارتی معافی برقرار رہے گی تاہم حقیقی قید 15 سال سے کم نہیں ہو سکتی، اگر عمومی معافی سے قید 15 سال سے کم ہو تو اسے ضروری حد تک کم کیا جائے گا، صدارتی معافی کا بنیادی مقصد مجرموں کی اصلاح، بحالی اور کردار سازی ہے۔
سپریم کورٹ نے تمام جیل سپرنٹنڈنٹس کو ہر قیدی کی سزا پر عمل درآمد کی مکمل تفصیلات ٹرائل کورٹس کو بھجوانے کا حکم دیا ہے اور ضابطہ فوجداری کی دفعہ 400 کے تحت سزا کے وارنٹ متعلقہ ٹرائل کورٹ کو واپس بھیجنے کی ہدایت کی ہے۔
سیکریٹری محکمۂ داخلہ اور آئی جی جیل خانہ جات خیبر پختون خوا کو بھی عدالتی احکامات پر عمل درآمد کا حکم دیا گیا ہے۔
خیبر پختون خوا کی تمام جیلوں میں21 اکتوبر 2026ء کی انتظامی ہدایات پر عمل درآمد کا حکم دیا گیا ہے اور عدالتی فیصلے کی نقل تمام ہائی کورٹس کے رجسٹرارز کو بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ سزا پر عمل درآمد محض جیل سے باہر آنے سے مکمل تصور نہیں کیا جا سکتا، عدالتوں کو یقینی بنانا ہو گا کہ مجرموں کی سزاؤں پر قانون کے مطابق مکمل عمل درآمد ہو، انتظامی غفلت اور غیر مجاز رعایتوں سے عدالتی فیصلوں کی ساکھ متاثر نہیں ہونے دی جا سکتی، سزا پر درست عمل درآمد نہ ہونے سے نظامِ انصاف پر عوام کا اعتماد کمزور ہوتا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ