منگل، 17 نومبر، 2026 · 8 جمادی الثانی، 1448 ہجری

سینڈ پیپر گیٹ اسکینڈل: روی چندرن ایشون نے پیٹ کمنز کو کھری کھری سنا دیں

تازہ ترین
سینڈ پیپر گیٹ اسکینڈل: روی چندرن ایشون نے پیٹ کمنز کو کھری کھری سنا دیں

روی چندرن ایشون، پیٹ کمنز اور عثمان خواجہ—فائل فوٹو

سابق بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون نے آسٹریلوی ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز کے عثمان خواجہ سے متعلق بیان پر اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

روی چندرن ایشون نے حال ہی میں بھارتی میڈیا سے سینڈ پیپر گیٹ اسکینڈل سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کے مؤقف کو غلط ثابت کرنے کے بجائے ان کی شخصیت اور کردار کو نشانہ بنایا جو انتہائی نامناسب ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب آپ کسی شخص کی فراہم کردہ معلومات کو غلط ثابت نہیں کر پاتے تو اس کی شخصیت کو نشانہ بنانا شروع کر دیتے ہیں۔

عثمان خواجہ نے انکشاف کرنے کیلئے 8 سال انتظار کیوں کیا؟ پیٹ کمنز

سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ میں عثمان خواجہ کے ساتھ کافی کرکٹ کھیل چکا ہوں اور انہیں ایک دیانت دار، صاف گو اور اعلیٰ کردار کا حامل انسان سمجھتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے توقع نہیں تھی کہ پیٹ کمنز اس معاملے میں خواجہ کی شخصیت پر اس انداز میں سوال اٹھائیں گے۔

واضح رہے کہ 2018ء کے مشہور بال ٹیمپرنگ اسکینڈل ’سینڈ پیپر گیٹ‘ سے متعلق تنازع ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا ہے۔

آسٹریلیا کے سابق اوپنر عثمان خواجہ نے اپنی حال ہی میں شائع ہونے والی سوانح حیات ’صبر‘ میں انکشاف کیا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے دوران بال ٹیمپرنگ کے منصوبے سے ٹیم کے کئی کھلاڑی واقف تھے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ