چین: الیکٹرک مسافر طیارے کی پہلی مرتبہ پرواز کامیابی کیساتھ مکمل، تاریخ رقم

چین نے ہوابازی کی دنیا میں نئی تاریخ رقم کر دی، پہلی مرتبہ الیکٹرک مسافر طیارے نے اپنی پرواز کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق چین کے 19 نشستوں پر مشتمل مقامی طور پر تیار کردہ برقی مسافر طیارے ’سی ای 25 اے‘ نے پہلی بار پائلٹ کے ساتھ اڑان بھری اور اپنی پرواز مکمل کی، جسے فضائی سفر کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
الیکٹرک مسافر طیارے نے 14 نومبر کو صوبہ شان ڈونگ کے شہر بنژو سے پہلی آزمائشی پرواز کی، جس میں 2 پائلٹ اور 1 فلائٹ ٹیسٹ انجینئر سوار تھے۔
چینی میڈیا کے مطابق آزمائشی پرواز کے دوران طیارہ 16 منٹ اور 38 سیکنڈ تک فضا میں رہا اور اس نے 60.4 کلو میٹر کا فاصلہ طے کیا، جبکہ مکمل آزمائشی کارروائی کا دورانیہ 57 منٹ اور 46 سیکنڈ رہا۔
یہ پیش رفت بیٹری سے چلنے والے طیاروں کی تیاری اور تجارتی ہوا بازی میں برقی توانائی کے استعمال کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔
چین کا برقی طیارہ کتنی دور تک پرواز کر سکتا ہے؟
سی ای 25 اے کو بنیادی طور پر مختلف شہروں کے درمیان مختصر فاصلے کے تجارتی فضائی سفر کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
اُڑنے والی سائیکل، ننھے روبوٹس اور گاڑیاں تیار
چین کے کمرشل ایئرکرافٹ کارپوریشن (کومیک) کی جانب سے جاری کردہ تکنیکی تفصیلات کے مطابق اس طیارے کا زیادہ سے زیادہ ٹیک آف وزن 10 ٹن اور مقررہ پرواز کی حد 400 کلو میٹر ہے۔
طیارے کی معمول کی پرواز کی رفتار 300 کلو میٹر فی گھنٹہ، جبکہ پرواز کی بلندی 2 ہزار 400 میٹر ہے۔
مسافر اس الیکٹرک طیارے میں کب سفر کر سکیں گے؟
کامیاب آزمائشی پرواز کے باوجود سی ای 25 اے کو تاحال کرایہ ادا کرنے والے مسافروں کو لے جانے کی اجازت نہیں ملی۔
چین کی سول ایوی ایشن انتظامیہ نے کومیک کی جانب سے طیارے کے ٹائپ سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے جمع کرائی گئی درخواست قبول کر لی ہے، جس کے بعد اس کی باضابطہ ضابطہ جاتی جانچ کا عمل شروع ہو گیا ہے۔
تجارتی مسافر پروازوں کے آغاز سے پہلے طیارے کو سرٹیفکیشن کے تمام لازمی مراحل اور مزید آزمائشوں سے گزرنا ہو گا، تاہم اس کی تجارتی سروس شروع کرنے کی کوئی حتمی تاریخ تاحال جاری نہیں کی گئی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ