منگل، 17 نومبر، 2026 · 8 جمادی الثانی، 1448 ہجری

ہمیں سیاسی قیدیوں کو آزاد کرنا پڑے گا: بلاول بھٹو

تازہ ترین
ہمیں سیاسی قیدیوں کو آزاد کرنا پڑے گا: بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری—’جیو نیوز‘ گریب

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں سیاسی قیدیوں کو آزاد کرنا پڑے گا، آج نہیں تو کل یہ ہونا ہے۔

کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جس مشکل میں پاکستان کے عوام آج ہیں ایسا کبھی نہیں دیکھا۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ غربت، بیروز گاری اور مہنگائی تیزی سے بڑھ رہی ہے، میں ان حالات میں خوف زدہ ہوں کہ عوام کا کیا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ فکر مند ہوں کہ غریب اور پسماندہ طبقے کا ان حالات میں کیا ہو گا؟ آج ملک جس مشکل میں ہے اس پر بات کرنا ضروری ہے، بین الاقوامی حالات سب کے سامنے ہیں، خطے میں جو ہو رہا ہے سب کے سامنے ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ غریب کو سوچنا پڑتا ہے کہ بچوں کی تعلیم کو دیکھو یا روٹی، دنیا میں جو جنگیں چل رہی ہیں یہ حالات اس سے جڑے ہیں، یہ حکمراں سب موضوعات کو چھیڑ رہے ہیں مگر عوام کا نہیں سوچتے۔

پیپلز پارٹی پر ہمیشہ ہی سب سے زیادہ تنقید ہوتی ہے: بلاول بھٹو زرداری

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام مہنگائی کے باعث بجلی کا بل دیکھتے ہوئے خوفزدہ ہوتے ہیں، عوام کے لیے بزرگوں کا علاج کرانا یا گھر کا چولہا جلانا مشکل ہو گیا ہے، حکمرانوں کی ذمے داری ہے کہ عوام کا بوجھ کم کریں، اس کے لیے اقدامات کریں، مگر حکمران نفرت اور تقسیم کی بات کر رہے ہیں، اصل مسائل پر بات نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک غیر سیاسی نہیں سیاس ری سیٹ کی ضرورت ہے، سسٹم کولیپس نہیں بلکہ سسٹم کو کولیپس کروایا گیا، سسٹم کولیپس ہونے میں میں بھی ذمے دار ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کو پارلیمان پر بالکل بھی اعتماد نہیں ہے، اپوزیشن کا اعتماد پارلیمان میں بحال کرنا حکومت کی ذمے داری ہے، اپوزیشن کے پاس حقیقی وجہ ہے کہ ان کا پارلیمان پر اعتماد نہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کی ذمے داری ہے کہ ہم پر تنقید کریں، اپوزیشن رہنما ہم پر تنقید کرتے ہیں تو یہ ان کا حق ہے، اپوزیشن تنقید کرے تو ان کے خلاف کارروائیاں کی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو مولانا فضل الرحمٰن کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، مولانا فضل الرحمٰن نے جو کردار پی ڈی ایم میں کیا اس کے بغیر آپ کرسی پر نہ ہوتے، کچھ شرم کریں، حیا کریں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ ہمارے اداروں کے اعتماد کو بحال کرنا ہو گا، میڈیا اور پارلیمنٹ سمیت ہر ادارے پر اعتماد بحال کرنا ہو گا، ہمیں سب سے پہلے عوام کا اداروں پر اعتماد بحال کرنا ہو گا، شاید تاریخ میں ہمارا میڈیا اتنا کمزور نہیں ہوا جتنا آج ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب تاریخی ادارہ ہے، کراچی پریس کلب نے جمہوری روایات کے لیے اہم کرادار ادا کیا، قلم کی طاقت سب سے بڑی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ صحافی عوام کے مسائل پر حکومتوں کو توجہ دلاتے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں ہم نے بہت مشکل وقت دیکھا ہے، جو طاقت صحافیوں کے پاس ہے وہ کسی کے پاس نہیں، یہ طاقت گولی اور ہتھیار سے زیادہ ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ