امریکی محکمۂ دفاع مسلسل 9 ویں سال بھی مالیاتی آڈٹ میں مطلوبہ معیار حاصل نہ کر سکا

امریکی محکمۂ دفاع مسلسل 9 ویں سال بھی سالانہ مالیاتی آڈٹ پاس کرنے میں ناکام ہو گیا جبکہ ٹرمپ انتظامیہ نے دفاعی بجٹ بڑھا کر ریکارڈ 1.5 ٹریلین ڈالرز کرنے کی درخواست کی ہے۔
دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمۂ دفاع 2018ء میں آڈٹ کا عمل شروع ہونے کے بعد سے اب تک کسی ایک سال بھی مجموعی آڈٹ پاس نہیں کر سکا۔
محکمے کو آڈٹ میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے 10 سال کی مہلت دی گئی تھی تاہم پیچیدہ مالیاتی نظام اور پرانی ٹیکنالوجی اس کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔
امریکی دفاعی بجٹ میں 42 فیصد اضافہ، تاریخ کاسب سے بڑا بجٹ، 4181 کھرب 27 ارب روپے، کانگریس میں سخت بحث کا امکان
پینٹاگون اس وقت مالیاتی امور کے لیے 149 مختلف نظام استعمال کر رہا ہے جن میں سے کئی تقریباً 50 سال پرانی کمپیوٹر ٹیکنالوجی پر مبنی ہیں جبکہ انفرادی شعبوں کی کارکردگی میں بہتری سامنے آئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی محکمۂ دفاع کے چیف فنانشل آفیسر جولز ہرسٹ کے مطابق مالی سال 2026ء میں محکمے کے 25 میں سے 14 ذیلی مالیاتی اداروں نے آڈٹ پاس کیا جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 11 تھی۔
یہ پہلی مرتبہ ہے کہ محکمے کے نصف سے زائد ذیلی ادارے آڈٹ میں کامیاب ہوئے ہیں تاہم مجموعی طور پر محکمۂ دفاع اب بھی مطلوبہ مالیاتی آڈٹ کے معیار پر پورا اترنے میں ناکام ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ