منگل، 17 نومبر، 2026 · 8 جمادی الثانی، 1448 ہجری

آج (17 نومبر کو) دنیا بھر میں بجلی کی بندش، ’دی سمپسنز‘ کی پیشگوئی کی حقیقت کیا ہے؟

تازہ ترین
آج (17 نومبر کو) دنیا بھر میں بجلی کی بندش، ’دی سمپسنز‘ کی پیشگوئی کی حقیقت کیا ہے؟

مقبول اینیمیٹڈ ٹی وی سیریز دی سمپسنز کی جانب سے آج (17 نومبر کو) دنیا بھر میں بجلی کی بندش کی پیش گوئی کے دعوؤں نے انٹرنیٹ پر ایک نئی بحث کو جنم دے دیا۔

سوشل میڈیا صارفین یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ کیا یہ طویل عرصے سے نشر ہونے والا مقبول کارٹون ایک بار پھر کسی بڑے حقیقی واقعے کی درست پیش گوئی کرنے جا رہا ہے؟

مذکورہ تاریخ سے چند روز قبل اس پروگرام کی ایک پرانی قسط دوبارہ توجہ کا مرکز بن گئی، جس میں بجلی کی بڑے پیمانے پر بندش کا منظر دکھایا گیا تھا۔

’دی سمپسنز‘ نے 2026ء کیلئے کونسی کونسی پیش گوئیاں کر رکھی ہیں؟

اس کے بعد ناظرین نے اس قسط کی کہانی کا ازسرنو جائزہ لینا شروع کر دیا۔

اگرچہ بعض افراد نے اس واقعے کو دنیا بھر میں آنے والی کسی تباہی کی پیش گوئی قرار دیا ہے لیکن دستیاب حقائق سے ظاہر ہوتا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا یہ دعویٰ مشکوک اور بے بنیاد ہے۔

عالمی سطح پر بجلی کی بندش سے متعلق قیاس آرائیوں کی بنیاد کیا ہے؟

اس دعوے کا تعلق دی سمپسنز کے سیزن 35 کی ساتویں قسط ’اِٹس اے بلنڈر فل لائف‘ (It's a Blunderful Life) سے ہے، جو اصل میں 19 نومبر 2023ء کو نشر ہوئی تھی۔

برطانوی اخبار ڈیلی اسٹار کے مطابق اس قسط میں لیزا سمپسن کو عمر رسیدہ دکھایا گیا ہے، جو ماضی میں بجلی کے ایک تباہ کن تعطل کو یاد کرتی ہے، اس واقعے کے نتیجے میں افسانوی قصبے اسپرنگ فیلڈ میں 6 روز تک بجلی کی فراہمی معطل رہی تھی۔

ابتداء میں ہومر سمپسن اس واقعے کی ذمے داری قبول کر لیتا ہے، تاہم بعد میں معلوم ہوتا ہے کہ اس تباہی کا اصل ذمے دار مسٹر برنز تھا، جس کے فیصلوں نے پورے قصبے میں افراتفری پیدا کر دی تھی۔

اس قسط کے ایک خاص پہلو نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کی ہے، لیزا کی ڈائری میں 17 نومبر کی تاریخ درج ہے، جبکہ اس میں آنے والے ایک شدید طوفان کا ذکر بھی موجود ہے۔

اسی تفصیل کے بعد یہ قیاس آرائیاں شروع ہوئیں کہ شاید اس قسط میں 17 نومبر 2026ء کو بجلی کی بڑے پیمانے پر بندش کی طرف اشارہ کیا گیا ہے، تاہم قسط میں کہیں بھی 2026ء کو اس فرضی بحران کا سال قرار نہیں دیا گیا۔

ٹرمپ صدر منتخب، ’دی سمپسنز‘ کی 24 برس قبل کی پیشگوئی غلط ثابت

مزید یہ کہ قسط میں بجلی کی بندش کا دائرہ صرف اسپرنگ فیلڈ تک محدود دکھایا گیا ہے، نہ کہ پوری دنیا تک۔

برازیل کے حقائق کی جانچ پڑتال کرنے والے ادارے لوپا نے بھی سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اس کہانی کے زمانی حوالے میں خامیوں کی نشاندہی کی ہے۔

ادارے کے تجزیے سے ظاہر ہوتا ہے کہ قسط میں پیش آنے والے واقعات کی ترتیب 2026ء کے کیلنڈر سے مطابقت نہیں رکھتی۔

قسط میں دکھایا گیا ہے کہ بجلی کی بندش شروع ہونے کے 6 روز بعد یومِ تشکر (تھینکس گیونگ ڈے) کے موقع پر اسپرنگ فیلڈ میں بجلی بحال ہو جاتی ہے، جبکہ رواں سال امریکا میں تھینکس گیونگ 26 نومبر کو منایا جائے گا۔

اس تضاد کے بعد بعض سوشل میڈیا صارفین نے اس مبینہ پیش گوئی پر سوالات اٹھائے ہیں۔

ایک صارف نے طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ان کی پیش گوئی 5 دن غلط نکلی (امید ہے کہ ان کا اشارہ آؤٹ لک کی بندش کی طرف تھا)۔

17 نومبر کی تاریخ کیوں توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے؟

اگرچہ دنیا بھر میں بجلی کی بندش سے متعلق دعوؤں کے حق میں کوئی ثبوت موجود نہیں، تاہم 17 نومبر امریکا میں ہونے والے ایک حقیقی ملک گیر اقدام کی وجہ سے اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

امریکی وفاقی ادارہ برائے ہنگامی انتظام (FEMA) اور وفاقی مواصلاتی کمیشن (FCC) نے 17 نومبر کو مشرقی امریکی وقت کے مطابق دوپہر 2 بج کر 20 منٹ پر ملک گیر ہنگامی الرٹ سسٹم کا تجربہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

ایف سی سی کے سرکاری بیان کے مطابق اس مشق کے دوران شریک ریڈیو اور ٹیلی وژن نیٹ ورکس کے ذریعے ہنگامی پیغامات کی ترسیل کا جائزہ لیا جائے گا۔

کملا ہیرس سے متعلق ’دی سمپسنز‘ کی 20 برس قبل کی گئی پیشگوئی سچ ثابت ہونے والی ہے؟

فیما نے خبردار کیا ہے کہ اس تجربے کے دوران معمول کی نشریات تقریباً 1 منٹ کے لیے متاثر ہو سکتی ہیں، تاہم اس مشق کے تحت موبائل فونز پر کوئی نوٹیفکیشن بھیجنے کا منصوبہ نہیں ہے اور نہ ہی حکام نے ایسا کوئی اشارہ دیا ہے کہ اس تجربے کے نتیجے میں بجلی کی فراہمی متاثر ہو گی۔

ممکن ہے کہ ہنگامی الرٹ سسٹم کے اس مجوزہ تجربے کی وجہ سے 17 نومبر کی تاریخ میں لوگوں کی دلچسپی بڑھ گئی ہو، تاہم اسے بجلی کی منظم یا ملک گیر بندش سمجھنا درست نہیں ہو گا۔

کیا 17 نومبر کو دنیا بھر میں بجلی کی بندش متوقع ہے؟

فی الحال ایسی کوئی قابلِ اعتماد معلومات موجود نہیں جن سے ظاہر ہو کہ 17 نومبر 2026ء کو دنیا بھر میں بجلی کی بندش متوقع ہے۔

اگرچہ دی سمپسنز کی مذکورہ قسط میں 6 روزہ بجلی کی بندش کا واقعہ دکھایا گیا ہے اور اس میں 17 نومبر کی تاریخ کا ذکر بھی موجود ہے، تاہم اس میں نہ تو عالمی سطح پر بجلی کے نظام کے مفلوج ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے اور نہ ہی 2026ء کو اس واقعے کا سال بتایا گیا ہے۔

اس تاریخ کو پیش آنے والا حقیقی طے شدہ واقعہ دراصل ہنگامی مواصلاتی نظام کی آزمائشی مشق ہے، نہ کہ بجلی کے ترسیلی نظام کی بندش، اگرچہ دی سمپسنز ماضی میں حقیقی دنیا کے بعض واقعات سے مماثلت رکھنے والی کہانیوں کی وجہ سے خاصی شہرت حاصل کر چکا ہے، تاہم اس مخصوص قسط کو دنیا بھر میں بجلی کی کسی ممکنہ بندش کے انتباہ کے طور پر پیش کرنے کے دعوے کے حق میں بہت کم شواہد موجود ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ