پینٹاگون کو ایران کی دھمکیاں نظر انداز کرنا مہنگا پڑ گیا: امریکی فوجی افسر

امریکی فوجی افسر نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ کے دوران امریکی فوجی قیادت کی مبینہ غفلت کے باعث کویت میں 6 امریکی فوجیوں کی ہلاکت ہوئی۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی فوج کے میجر اسٹیفن ریمزباٹم نے کانگریس کی آرمڈ سروسز کمیٹیوں میں ایک شکایتی رپورٹ جمع کروائی ہے، جس میں انہوں نے فوجی قیادت پر حفاظتی انتظامات میں سنگین کوتاہیوں کا الزام عائد کیا ہے۔
میجر اسٹیفن ریمزباٹم خود بھی یکم مارچ کو کویت کی بندرگاہ شعیبہ پر ہونے والے ایرانی ڈرون حملے میں زخمی ہوئے تھے، اس حملے میں امریکی فوج کے 6 اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔
انہوں نے امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ فوجی حکام کو ایرانی حملوں کے خطرات سے پہلے ہی خبردار کیا گیا تھا، لیکن صورتِ حال کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔
امریکا: صحافتی تنظیموں کا میڈیا کو بلیک لسٹ کرنے پر پینٹاگون کیخلاف مقدمہ
میجر اسٹیفن ریمزباٹم نے کہا کہ امریکی فوجی قیادت نے حملے سے نمٹنے کے لیے مناسب منصوبہ بندی نہیں کی تھی۔
اُنہوں نے بتایا کہ شعیبہ میں قائم امریکی فوجی کمانڈ پوسٹ پر حفاظتی انتظامات صرف گاڑیوں میں نصب بموں اور اسی نوعیت کے خطرات سے نمٹنے کے لیے کیے گئے تھے، جبکہ فضائی حملوں اور ڈرونز سے بچاؤ کا کوئی مؤثر نظام موجود نہیں تھا۔
میجر اسٹیفن ریمزباٹم نے دعویٰ کیا کہ اس مقام پر نہ کوئی مستقل ڈاکٹر موجود تھا، نہ طبی امداد کا باقاعدہ مرکز اور نہ ہی ایک سے زائد ایمبولینسز دستیاب تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ میں نے امریکی سینٹرل کمانڈ کے لاجسٹکس انچارج میجر جنرل جان ہنسن کے سامنے بھی 2 مرتبہ حفاظتی انتظامات سے متعلق خدشات اٹھائے تھے، جواب میں مجھ سے کہا گیا کہ تحفظ کے حوالے سے فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں۔
میجر اسٹیفن ریمزباٹم نے مزید دعویٰ کیا کہ شعیبہ میں ڈرون حملوں کو روکنے کے لیے خصوصی دفاعی نظام فراہم کرنے کی بھی درخواست کی گئی تھی اور پینٹاگون نے اسے فراہم کرنے کی کوشش کا یقین دلایا تھا لیکن حملے تک یہ نظام وہاں نہیں پہنچ سکا۔
یہ شکایت جمع ہونے کے بعد امریکی سینیٹر رچرڈ بلومینتھل نے وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ سے واقعے کی وضاحت طلب کر لی۔
انہوں نے وزیرِ دفاع سے خفیہ بریفنگ میں شرکت اور شعیبہ فوجی مرکز کے حفاظتی انتظامات کی مکمل تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ