امریکا میں 3 بڑے نظام متاثر، شہری شدید مشکلات سے دوچار

امریکا میں ٹیکنالوجی اور بینکنگ سسٹم کو مسلسل پیش آنے والی تکنیکی خرابیوں نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مائیکروسافٹ کی سروسز متاثر ہونے اور فضائی آپریشنز میں خلل آنے کے بعد اب بڑے امریکی بینکوں کی آن لائن خدمات بھی متاثر ہو گئی ہیں اور ہزاروں صارفین کو اپنے اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
رپورٹ میں بتایا ہے کہ امریکا کے سب سے بڑے بینکوں میں شمار ہونے والے جے پی مورگن چیس کے داخلی ہارڈویئر سسٹمز میں سافٹ ویئر کی خرابی سامنے آئی، جس کے نتیجے میں رقم کی ایک اکاؤنٹ سے دوسرے اکاؤنٹ میں منتقلی میں تاخیر ہونے لگی ہے۔
امریکا میں فضائی سفر کرنے والوں کو نئی مصیبت کا سامنا، امریکا بھر میں یونائیٹڈ ایئر لائنز کی پروازیں گراؤنڈ
رپورٹ کے مطابق بعض صارفین کو یہ پیغام بھی موصول ہوا کہ کچھ سروسز عارضی طور پر دستیاب نہیں اس لیے کچھ دیر بعد دوبارہ کوشش کریں۔
رپورٹ میں مزید بتایا ہے کہ جے پی مورگن چیس بینک میں پیدا ہونے والی خرابی کے اثرات دیگر مالیاتی اداروں کے صارفین تک بھی پہنچے۔
رپورٹ کے مطابق بینک آف امریکا، سٹی گروپ اور دیگر بینکوں کے ان صارفین کو بھی لین دین میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا جو جے پی مورگن چیس بینک کے ساتھ مالیاتی ٹرانزیکشنز کر رہے تھے۔
اس حوالے سے جے پی مورگن چیس بینک کے ترجمان جو ایونجلیسٹی کا کہنا ہے کہ دیگر بینکوں کی سروسز براہ راست متاثر نہیں ہوئیں بلکہ صرف ان ٹرانزیکشنز میں سست روی آئی جن میں چیس بینک بھی شامل تھا۔
اُنہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ تکنیکی خرابی کسی سائبر حملے کا نتیجہ نہیں بلکہ سافٹ ویئر بگ کے باعث پیش آئی۔
بینک کے مطابق صارفین کے اکاؤنٹس اور رقوم محفوظ ہیں اور مسئلے کو جلد حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
امریکا میں فضائی بحران آج بھی برقرار، 6 ہزار 228 پروازیں منسوخ، 7 ہزار 542 تاخیر کا شکار
امریکا میں رقم کی فوری منتقلی کے لیے استعمال ہونے والے ڈیجیٹل پلیٹ فارم زیل کے صارفین کو بھی بعض ادائیگیوں میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
اس حوالے سے زیل کی انتظامی کمپنی ارلی وارننگ سروسز نے واضح کیا کہ اس کا نیٹ ورک مکمل طور پر فعال تھا اور مسئلہ براہ راست زیل کی سروس میں نہیں بلکہ متعلقہ مالیاتی اداروں کے نظام میں تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں مائیکروسافٹ کی آؤٹ لک، ٹیمز اور کوپائلٹ سمیت متعدد سروسز متاثر ہوئی تھیں، جبکہ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے فضائی ٹریفک کنٹرول نظام میں خرابی کے باعث پروازیں بھی متاثر ہوئی تھیں۔
حکام اور متعلقہ کمپنیوں کے مطابق ان واقعات کے درمیان کسی براہ راست تعلق کا ثبوت سامنے نہیں آیا اور انہیں الگ الگ تکنیکی مسائل قرار دیا گیا ہے تاہم چند روز کے دوران پیش آنے والے ان واقعات نے امریکا کے اہم ڈیجیٹل نظام پر انحصار اور ان کی تکنیکی مضبوطی پر سوالات اُٹھا دیے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ