منگل، 17 نومبر، 2026 · 8 جمادی الثانی، 1448 ہجری

نیند کی کمی نظامِ ہاضمہ کو کس طرح متاثر کرتی ہے؟

تازہ ترین
نیند کی کمی نظامِ ہاضمہ کو کس طرح متاثر کرتی ہے؟

رات دیر تک جاگنے کی عادت آنتوں کی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔

سائنسی جریدے ’آئی سائنس‘ (iScience) میں آن لائن شائع ہونے والی 1 حالیہ تحقیق سے عندیہ ملتا ہے کہ موٹاپے کے شکار بالغ افراد میں رات دیر سے کھانا کھانے اور دیر سے سونے جاگنے کی عادت کا تعلق آنتوں میں موجود جرثوموں (گٹ مائیکرو بایوم) کی ساخت میں تبدیلی اور آنتوں کی حفاظتی جھلی کے افعال میں خرابی سے ہو سکتا ہے۔

میٹابولک سنڈروم (MetS) متعدد باہم مربوط میٹابولک عوارض کا مجموعہ ہے، جس کی نمایاں خصوصیات میں موٹاپا، انسولین کے خلاف مزاحمت، خون میں چکنائی کی غیر معمولی سطح اور بلند فشارِ خون شامل ہیں، یہ تمام عوامل امراضِ قلب، فالج، ٹائپ 2 ذیابیطس، جگر کی بیماریوں اور صحت کے دیگر سنگین مسائل کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔

فائبر کی کمی آنتوں کے لیے نقصان دہ کیوں ہو سکتی ہے؟

میٹابولک سنڈروم کے دوران جسم میں طویل مدتی اور ہمہ گیر سوزش پیدا ہوتی ہے، جو اکثر آنتوں کی حفاظتی جھلی کمزور ہونے کی صورت میں مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔

تحقیق کے مصنفین اور دیگر سائنس دانوں کی جانب سے جانوروں پر کیے گئے تجربات سے ظاہر ہوا ہے کہ جسم کی حیاتیاتی گھڑی میں خلل آنتوں میں موجود جرثوموں کے توازن اور حفاظتی جھلی کے افعال کو متاثر کرتا ہے، جس کے نتیجے میں میٹابولک مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

جانوروں پر کیے گئے تجربات میں یہ بھی سامنے آیا کہ فضلے کی پیوند کاری (Stool Transplantation) کے ذریعے ان میٹابولک اثرات کو دوسرے جانوروں میں منتقل کیا جا سکتا ہے تاہم انسانوں میں ان تمام عوامل کے باہمی تعلق سے متعلق شواہد اب تک محدود رہے ہیں۔

اس تحقیق میں مصنفین نے یہ جانچنے کی کوشش کی کہ آیا موٹاپے کے شکار افراد میں جسم کی حیاتیاتی گھڑی سے متعلق مختلف خصوصیات کا تعلق میٹابولک سنڈروم کی شدت، میٹابولک اور سوزشی نظام میں بے قاعدگیوں، آنتوں کی نفوذ پذیری اور آنتوں میں موجود جرثوموں کی ساخت سے ہے یا نہیں۔

محققین نے یہ بھی جائزہ لیا کہ آیا آنتوں میں موجود جرثوموں کے نظام میں مخصوص تبدیلیاں پیدا کرنے کے بعد آنتوں کی حفاظتی جھلی میں آنے والی تبدیلیوں کا تعلق بھی مائیکرو بایوم میں ہونے والی تبدیلیوں سے ہے۔

تحقیق کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ آنتوں کی حفاظتی جھلی کی سالمیت اس تعلق کو سمجھنے میں مدد دے سکتی ہے جو جسم کی حیاتیاتی گھڑی کی خصوصیات اور میٹابولک صحت کی خرابی کے درمیان پایا جاتا ہے۔

نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ